اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے پنجاب سے 16 ہزار جبکہ سندھ سے 2 ہزار اہلکار طلب کرلیے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب اور سندھ سے 3 ڈی آئی جیز، 7 ایس ایس پیز اور 18 ایس پیز بھی طلب کیے گئے ہیں، جبکہ احتجاج سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد پولیس نے 82 کروڑ 70 لاکھ روپے کے اضافی اخراجات کی درخواست کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور اٹک کے اہم مقامات پر 2 ہزار سے زائد کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں، جبکہ احتجاج کے پیش نظر اٹک میں تقریباً 30 ہزار اہلکار تعینات کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مظاہرین کو منتشر کرنے کے بجائے گرفتاریوں پر زیادہ توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ ضرور ہوگا اور پرامن ہوگا۔