لاہور (پاک ٹوڈے): محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے صوبے کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 8 شدت پسندوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق صوبے بھر میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر 91 کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار افراد میں شہزاد اکبر، محمود، علی، نعمان، عدنان، فاروق، رحمان اور ہمایوں شامل ہیں، جنہیں گوجرانوالہ، بہاولپور، چنیوٹ، راولپنڈی، بھکر اور سرگودھا سے گرفتار کیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے 465 گرام دھماکا خیز مواد، 20 فٹ سیفٹی فیوز تاریں، 2 دستی بم، کالعدم تنظیموں کا لٹریچر، پمفلٹس، میگزین، پرائما کارڈ اور موبائل فونز برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت 7 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
