پمز اسپتال کا استعمال شدہ طبی فضلہ فروخت کرنے کا انکشاف، 4 ہزار 272 کلوگرام خطرناک مواد برآمد

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال کا استعمال شدہ طبی فضلہ تلف کرنے کے بجائے غیر قانونی طور پر فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ہزار 272 کلوگرام خطرناک طبی مواد برآمد کرلیا۔

ایف آئی اے اسلام آباد زون نے تحقیقات کے بعد لاہور کے علاقے 5 ٹی بند روڈ پر چھاپہ مارا، جہاں پمز اسپتال کے مہروں اور نشانات والا طبی فضلہ غیر قانونی طور پر فروخت کیا جا رہا تھا۔ کارروائی کے دوران ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) کی ٹیم کو بھی موقع پر طلب کیا گیا، جس نے معائنے کے بعد طبی فضلے کے غیر قانونی استعمال کی تصدیق کی۔

تحقیقات کے مطابق پمز اسپتال کے طبی فضلے کو تلف کرنے کا ٹھیکہ ایک نجی کمپنی کو دیا گیا تھا، جس کی ذمہ داری تھی کہ وہ فضلے کو خود یا کسی تھرڈ پارٹی کے ذریعے انسینریٹر میں تلف کرے اور اسپتال کو اس حوالے سے سرٹیفکیٹ فراہم کرے۔

تاہم تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ نجی کمپنی نے پمز کے بعض افسران اور اہلکاروں کے ساتھ مبینہ ملی بھگت کرکے طبی فضلہ تلف کرنے کے بجائے لاہور میں فروخت کیا، جہاں اسے دوبارہ استعمال میں لایا جا رہا تھا۔

ایف آئی اے کی ہدایت پر برآمد ہونے والے 4 ہزار 272 کلوگرام خطرناک طبی فضلے کو ای پی اے کی نگرانی میں موقع پر ہی انسینریٹر کے ذریعے تلف کر دیا گیا۔ حکام نے غیر قانونی خرید و فروخت سے مستفید ہونے والے افراد کے مالی ریکارڈ سے بھی اہم شواہد حاصل کیے ہیں۔

حکام کے مطابق استعمال شدہ طبی فضلے کو دوبارہ پروسیس کرکے پلاسٹک مصنوعات کی تیاری میں استعمال کرنے سے ایچ آئی وی، ہیپاٹائٹس اور دیگر خطرناک امراض پھیلنے کا خدشہ تھا، جس سے عوامی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔

واقعے کا مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 34، 109، 270 اور 409 سمیت انسداد رشوت ستانی ایکٹ 1947 کی دفعہ 5(2) کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے کی تحقیقات ایس آئی شہریار کر رہے ہیں جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔

Related posts

بلاول بھٹو کا مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ، پولیس محاصرے پر اظہار یکجہتی

سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی کمی، فی تولہ سونا 11 ہزار 500 روپے سستا

پی ایس ایل 12: پانچ فرنچائزز کے بڑے غیر ملکی کھلاڑیوں سے براہِ راست معاہدے