پشاور (پاک ٹوڈے): پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے میں 29 افراد جاں بحق جبکہ 22 زخمی ہو گئے۔ پولیس نے واقعے کے بعد اسکول کے مالک کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ گورنر خیبرپختونخوا نے حادثے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے تعین کی ہدایت کی ہے۔
سٹی پولیس آفیسر پشاور میاں سعید کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی صبح اس وقت پیش آیا جب بچے اسمبلی کے بعد اپنی جماعتوں میں واپس پہنچے تھے۔ اسکول شہر کے ایک ایسے علاقے میں واقع ہے جہاں گلیاں تنگ ہیں۔
اسکول کے اساتذہ کے مطابق دو منزلہ عمارت کی چھتیں اینٹوں سے تعمیر کی گئی تھیں۔ نامعلوم وجوہات کی بنا پر چھت دوسری جماعت کے طلبہ پر آ گری۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت کلاس روم میں 50 سے زائد بچے موجود تھے۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے فوکل پرسن محمد عاصم کے مطابق ہسپتال میں 29 افراد کی لاشیں لائی گئیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون ٹیچر بھی شامل ہیں، جبکہ دیگر تمام بچے ہیں جن کی عمریں 14 سال سے کم بتائی گئی ہیں۔
پولیس آفیسر میاں سعید نے بتایا کہ اسکول کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ تاہم، حادثے کی وجوہات اور ممکنہ غفلت کا تعین تحقیقات کے بعد کیا جا سکے گا۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو حادثے کی تحقیقات کرنے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔
