حمید سمسور
اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے نئی امیگریشن پالیسی کے تحت اسلام آباد، لاہور، کراچی اور فیصل آباد کے ہوائی اڈوں پر یورپ اور خلیجی ممالک جانے والے 35 مسافروں کو ایک ہی روز آف لوڈ کر دیا۔
ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل برائے امیگریشن نعمان صدیقی کے مطابق آف لوڈ کیے گئے مسافروں میں زیادہ تر کو جعلی دستاویزات، نامکمل کاغذات اور مشکوک ٹریول پروفائل کی بنیاد پر سفر سے روکا گیا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت اب ہر مسافر کی پروفائلنگ جدید نظام کے ذریعے کی جا رہی ہے، جس کے باعث جعلی دستاویزات رکھنے والے افراد کی فوری نشاندہی ممکن ہو رہی ہے۔
حکام کے مطابق سخت چیکنگ کے نتیجے میں غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کے واقعات میں واضح کمی آئی ہے، جب کہ ڈی پورٹ ہونے والے مسافروں کی تعداد بھی کم ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ مسافروں میں درست سفری دستاویزات سے متعلق آگاہی میں اضافہ ہوا ہے۔
ایف آئی اے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ پاکستان سے بیرونِ ملک سفر کرنے والے شہریوں کے پاس درست پاسپورٹ، ویزا، پروٹیکٹر سرٹیفکیٹ اور دیگر ضروری قانونی دستاویزات موجود ہوں۔
نیا قانون کیا ہے؟
ایف آئی اے کے اسٹینڈنگ آرڈر کے مطابق اب کسی مسافر کو آف لوڈ کرنے کے لیے تحریری حکم لازمی ہوگا، جب کہ زبانی طور پر سفر سے روکنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہر آف لوڈ کیے جانے والے مسافر کو اس کی تحریری وجہ بھی فراہم کی جائے گی۔
ایف آئی اے نے اکتوبر 2026 میں امیگریشن کے 2005 سے رائج قواعد کی جگہ نیا اسٹینڈنگ آرڈر نمبر 07/2026 نافذ کیا تھا۔
ایف آئی اے کی جانب سے آف لوڈنگ کی کارروائیاں
گزشتہ تین برسوں کے دوران 74 ہزار سے زائد مسافروں کو پاکستانی ہوائی اڈوں پر آف لوڈ کیا گیا۔
ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عثمان انور نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و انسدادِ منشیات کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ 2026 میں 22 ہزار 136 مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا، جب کہ 2024 میں یہ تعداد 35 ہزار 459 اور 2025 میں 39 ہزار 786 رہی۔
مسافروں کو روکنے کی وجوہات کیا ہیں؟
– جعلی یا نامکمل سفری دستاویزات
– واپسی کا ٹکٹ نہ ہونا
– ہوٹل بکنگ جعلی ہونا
– بینک اسٹیٹمنٹ موجود نہ ہونا
– پروٹیکٹر اسٹیمپ نہ ہونا
– ایجنٹ کے ذریعے مشکوک انداز میں سفر کرنا
ایف آئی اے کے ڈی جی ڈاکٹر عثمان انور نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو یہ بھی بتایا تھا کہ ادارے کے 100 سے زائد اہلکاروں کے خلاف انسانی اسمگلروں سے ملی بھگت کے الزام میں کارروائی کی گئی اور انہیں اسمگلنگ نیٹ ورکس سے روابط پر سزائیں دی گئیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برسوں میں مسافروں کی آف لوڈنگ کی یومیہ اوسط تقریباً 109 بنتی تھی، جب کہ گزشتہ روز صرف 35 مسافروں کو آف لوڈ کیے جانے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران جعلی سفری دستاویزات، مشکوک ویزوں، غیر قانونی بیرونِ ملک روزگار کے انتظامات اور انسانی اسمگلنگ کے خدشات کے باعث مسافروں کی آف لوڈنگ میں اضافہ ہوا تھا۔ تاہم، قانونی دستاویزات رکھنے والے بعض مسافروں کی جانب سے بھی بلاجواز آف لوڈنگ کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔
نئے طریقہ کار کا مقصد قانونی مسافروں کے لیے امیگریشن کا عمل آسان اور شفاف بنانا ہے، تاہم جعلی دستاویزات اور انسانی اسمگلنگ کے ذریعے بیرونِ ملک جانے کی کوششوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی۔
ایف آئی اے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر قانونی ایجنٹوں کے ذریعے سفر کرنے سے گریز کریں اور اپنے تمام ضروری سفری دستاویزات مکمل رکھیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ان اقدامات کا مقصد انسانی اسمگلنگ کی روک تھام ہے، جب کہ یونان کشتی حادثے کے بعد بیرونِ ملک جانے والے مسافروں کی جانچ پڑتال مزید سخت کر دی گئی ہے۔