سخاکوٹ (پاک ٹوڈے): سخاکوٹ کے قریب ٹرک اور مسافر سوزوکی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 2 نوجوان جاں بحق جبکہ 8 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے ذرائع کے مطابق افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب باجوڑ جانے والی مسافر سوزوکی کو سامنے سے آنے والے تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں جلالہ سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان، شایان اور احتشام، موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ سوزوکی میں سوار تمام افراد پیشے کے اعتبار سے ویٹر تھے اور کام کے سلسلے میں باجوڑ جا رہے تھے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے 8 افراد کی عمریں 20 سے 23 سال کے درمیان ہیں، جنہیں ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال درگئی منتقل کر دیا ہے۔ طبی ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
لیویز حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
حادثے کی خبر پھیلتے ہی علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی جبکہ مقامی شہریوں نے حکام سے تیز رفتاری کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔