ایم جی پاکستان کی تیار کردہ 100 گاڑیاں رواں ماہ بنگلہ دیش کو ایکسپورٹ کی جائیں گی.

کراچی (پاک ٹوڈے): پاکستان کی آٹو موٹیو صنعت نے بین الاقوامی مارکیٹ میں قدم رکھتے ہوئے ایک نیا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ پاکستان میں تیار کردہ گاڑیوں کی بنگلہ دیش کو آزمائشی برآمدات کا عمل رواں ماہ (ستمبر) سے شروع ہو رہا ہے، جس کے تحت اس سال 100 گاڑیاں بنگلہ دیش بھیجی جائیں گی۔

​یہ پیش رفت جولائی 2026 میں پاکستانی آٹو کمپنی اور بنگلہ دیشی کاروباری گروپ کے درمیان طے پانے والے اس معاہدے کا حصہ ہے جس کے تحت کل 5 ہزار گاڑیاں برآمد کی جائیں گی۔ منصوبے کے مطابق رواں ماہ ابتدائی آزمائشی بنیادوں پر 100 گاڑیاں روانہ کی جائیں گی، جبکہ بڑے پیمانے پر باقاعدہ برآمدات کا آغاز اگلے برس ہوگا۔

​چین کی معروف ‘SAIC موٹر’ کے اشتراک سے پاکستان میں تیار کی جانے والی عالمگیر برانڈ (MG) کے دو ماڈلز رواں ماہ بنگلہ دیش بھیجے جا رہے ہیں۔ یہ پیش رفت دونوں برادر ممالک کے درمیان آٹو انڈسٹری میں تجارتی اور تکنیکی اشتراکِ عمل کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

​ایکسپورٹنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جیان چیانگ شاؤ کے مطابق، اس سے قبل یہ ماڈلز براہِ راست چین سے برآمد کیے جاتے تھے۔ تاہم مسلسل کاوشوں کے بعد SAIC موٹر کے ہیڈکوارٹر کو اس بات پر آمادہ کیا گیا کہ وہ ‘MG پاکستان’ کو بااختیار بنائے اور تجارتی ماڈل کو سی بی یو کے بجائے پاکستان سے بنگلہ دیش کو سی کے ڈی برآمدات کی سمت منتقل کرے۔

​انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدام پاکستان میں ایک پائیدار آٹو موٹیو ایکسپورٹ ماڈل کی بنیاد رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ دونوں ممالک کے لیے یکساں فائدہ مند ماڈل ہے۔ بنگلہ دیشی ڈسٹری بیوٹر کو سی کے ڈی کی صورت میں در آمدی ڈیوٹی میں رعایت کا فائدہ ملے گا، جبکہ پاکستان کے لیے یہ اپنی برآمدات اور زرِ مبادلہ میں اضافے کا سنہری موقع ہے۔”

​سی ای او کے مطابق، MG پاکستان نہ صرف گاڑیاں فراہم کرے گی بلکہ بنگلہ دیشی پارٹنر کو گاڑیوں کی اسمبلنگ، جنرل اسمبلی (GA) اور کوالٹی کنٹرول جیسے امور میں مکمل رہنمائی بھی دے گی۔ اس مقصد کے لیے پاکستان کی انجینئرنگ ٹیم بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی تاکہ وہاں تکنیکی اور انجینئرنگ خدمات فراہم کی جا سکیں۔

​انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں لاگت کا مسابقتی فائدہ اور باصلاحیت انسانی وسائل موجود ہیں، جس کی بنیاد پر آنے والے دنوں میں ملکی آٹو موٹیو برآمدات میں مزید توسع دیکھنے کو ملے گی۔ یہ منصوبہ صرف گاڑیوں کی حد تک محدود نہیں بلکہ اس سے پاکستان سے ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ مہارتوں کی برآمد کا نیا سلسلہ شروع ہوگا۔

Related posts

ریسکیو 1122 کے بروقت اقدام سے بنوں میں کئی افراد کی جانیں بچ گئیں

تیز رفتار مسافر کوچ الٹنے سے 6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 97 ڈالر کے قریب پہنچ گئیں