ٹرمپ کا روس پر عائد نئی پابندیاں اور ٹیرف ختم کرنے کا اعلان

واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرتے ہوئے روس کی توانائی کی آمدن کو نشانہ بنانے والی نئی امریکی پابندیاں اور ٹیرف منسوخ کر دیے ہیں، جس سے روسی توانائی کے شعبے کو ریلیف ملنے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

اردو نیوز اور خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر نے جمعے کے روز جاری کردہ حکم نامے میں نام نہاد ’لنڈسے گراہم ایکٹ‘ کے تحت عائد پابندیوں، بندشوں اور ڈیوٹیز کے نفاذ کو معطل کرنے کا اعلان کیا۔

رپورٹ کے مطابق مذکورہ قانون امریکی صدر کو روسی تیل اور گیس خریدنے والے ممالک پر 100 فیصد تک ٹیرف عائد کرنے کا اختیار دیتا تھا۔ اس کا مقصد روس کی توانائی اور دفاعی صنعتوں، صدر ولادیمیر پوتن اور دیگر اعلیٰ حکام پر معاشی دباؤ بڑھانا تھا۔ اس قانون کے تحت روس کی جانب سے مغربی پابندیوں سے بچنے کے لیے استعمال کیے جانے والے تیل بردار جہازوں کے خفیہ بیڑے کو بھی نشانہ بنایا جانا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روس پر پابندیاں نرم کرنے کا یہ فیصلہ صدر ٹرمپ اور صدر پوتن کے درمیان مبینہ معاہدے کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جس کے تحت روس کو ڈیزل کی برآمد کی اجازت دینے کے بدلے امریکی پابندیوں میں نرمی کا وعدہ کیا گیا تھا۔

اس پیش رفت کے بعد واشنگٹن اور کیف کے درمیان سفارتی کشیدگی میں اضافے کی اطلاعات ہیں۔ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے امریکی فیصلے کو کمزور قرار دیتے ہوئے اس پر تنقید کی، جبکہ یوکرینی افواج کی جانب سے روسی آئل ریفائنریوں پر حملوں میں بھی تیزی آنے کی رپورٹ سامنے آئی ہے۔

Related posts

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود 340 سے زائد بچے جاں بحق، یونیسف کا اظہارِ تشویش

پاکستانی فری لانسرز نے ستمبر میں ریکارڈ 19 کروڑ 70 لاکھ ڈالر زرمبادلہ کمایا

جنگ کی صورت میں ہر شہری کو قربانی دینا پڑ سکتی ہے، برطانوی فوجی سربراہ