ٹانک (پاک ٹوڈے): خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کے گاؤں کوٹ گلان میں نامعلوم افراد نے گورنمنٹ پرائمری سکول کی عمارت کو بارودی مواد سے دھماکہ کر کے تباہ کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، شرپسندوں کی جانب سے بارودی مواد سکول کے مختلف حصوں میں نصب کیا گیا تھا، جس کے اچانک پھٹنے سے عمارت کو شدید مالی نقصان پہنچا۔ تاہم، واقعہ رات کے وقت پیش آنے کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے کی آواز سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع (بشمول ٹانک، بنوں اور شمالی و جنوبی وزیرستان) میں حالیہ مہینوں کے دوران متعدد سرکاری سکولوں کو تواتر کے ساتھ بم دھماکوں کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تعلیمی اداروں کی ان تباہ کاریوں کے باعث ہزاروں بچوں کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگ چکا ہے، جس پر مقامی آبادی اور شہری حلقوں میں شدید تشویش و بے چینی پائی جاتی ہے۔