دبئی ( پاک ٹوڈے ) دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن بھارتی بولرز کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکی اور پوری ٹیم 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر منیبہ علی 13 رنز بنا کر نمایاں رہیں، جبکہ شاول ذوالفقار نے 14 رنز اسکور کیے۔ دیگر بلے بازوں میں ایمان فاطمہ نے 5، اُم ہانی نے 6، عائشہ ظفر نے 2 اور صدف شمس نے 3 رنز بنائے۔ گل فیروزہ، فاطمہ ثنا اور نشرہ سندھو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئیں۔
بھارت کی جانب سے شری چارانی اور پریما روات نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دپتی شرما نے 2 اور شفالی ورما نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
55 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے صرف 9 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ بھارتی کپتان ہرمن پریت کور نے 18 رنز بنائے، جبکہ دپتی شرما اور شفالی ورما نے 12،12 رنز اسکور کیے۔ اس کے علاوہ اسمرتی مندھانا نے 9 اور پراتیکا نے 4 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا نے بھارت کی تینوں وکٹیں حاصل کیں، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔
ویمنز ایشیا کپ میں بھارت کی یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے۔ بھارتی ٹیم اس سے قبل تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کو بالترتیب 94 اور 137 رنز سے شکست دے چکی ہے اور گروپ اے میں مضبوط پوزیشن پر موجود ہے۔ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو 35 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان اور بھارت کی ویمنز ٹیموں کے درمیان ٹی20 انٹرنیشنل مقابلوں کے باہمی ریکارڈ میں بھی بھارت کو واضح برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 17 مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں، جن میں بھارت نے 14 جبکہ پاکستان نے 3 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔