پشاور (پاک ٹوڈے): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کا شیڈول جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مارچ کا پہلا مرحلہ آج 4 اکتوبر کو گنڈی چوک لکی مروت سے شروع ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ان شاء اللہ 4 اکتوبر کو گنڈی چوک لکی مروت سے لانگ مارچ کا پہلا مرحلہ شروع ہوگا۔
شیڈول کے مطابق 4 اکتوبر کو قافلہ لکی مروت سے روانہ ہوکر رات کرک کے قریب قیام کرے گا، جبکہ 5 اکتوبر کو کرک سے روانگی کے بعد رات کوہاٹ کے قریب پڑاؤ ہوگا۔
6 اکتوبر کو کوہاٹ، ہنگو، کرم اور اورکزئی کے قافلے مارچ میں شامل ہوں گے اور رات پشاور کے متنی کے قریب قیام کیا جائے گا۔
7 اکتوبر کو قافلہ بڈھ بیر سے روانہ ہوگا، جس میں ضلع خیبر سمیت پشاور کے مختلف علاقوں کے قافلے بھی شامل ہوں گے۔ اس روز رات چارسدہ انٹرچینج کے قریب قیام ہوگا۔
شیڈول کے مطابق 8 اکتوبر کو چارسدہ انٹرچینج سے روانگی کے بعد چارسدہ اور مہمند کے قافلے بھی مارچ میں شامل ہوں گے، جبکہ خیبرپختونخوا بھر سے آنے والے قافلے خیرآباد میں جمع ہوں گے، جہاں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔