کراچی (پاک ٹوڈے): سندھ کے سینئر وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ اپنے اتحادیوں کو ضرور خوش کرے، لیکن اس مقصد کے لیے سندھ کو قربانی کا بکرا بنانے سے گریز کرے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر اپنا موقف دیتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی خود سرائیکی صوبے کے قیام کے حق میں دو مرتبہ قراردادیں منظور کر چکی ہے، جبکہ اس کے برعکس سندھ اسمبلی صوبے کی تقسیم یا مزید انتظامی یونٹس بنانے کے خلاف 8 مرتبہ متفقہ قراردادیں منظور کر کے اپنا واضح فیصلہ سنا چکی ہے۔
شرجیل میمن نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی اپنے سیاسی و آئینی موقف پر قائم ہے اور سندھ کی جغرافیائی و تاریخی حیثیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے پیپلز پارٹی کی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں تو سرائیکی صوبے کی حمایت کرتی ہے، لیکن جب بھی ملک میں دیگر انتظامی یونٹس بنانے کی بات کی جائے تو "سندھو دیش” کا بیانیہ شروع ہو جاتا ہے۔ خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی اس دہرے معیار کی پالیسی کی وقت آنے پر مکمل تشریح کی جائے گی۔