مہنگائی سے عوام کی قوتِ خرید متاثر، پاکستان میں کاروباری اعتماد بھی شدید دباؤ کا شکار

ریاض حسین | مردان، پاک ٹوڈے

مردان اسلام آباد مردان میں ماربل فیکٹری میں کام کرنے والے 45 سالہ عمر خان کے لیے 45 ہزار روپے ماہانہ آمدنی میں آٹھ افراد پر مشتمل خاندان کی کفالت کرنا دن بدن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ چھ بچوں کے والد عمر خان کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں مسلسل اضافے کے باعث ان کی تنخواہ گھر کے بنیادی اخراجات پورے کرنے کے لیے بھی ناکافی ہو چکی ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ سخت محنت کے باوجود ان کی ماہانہ تنخواہ عموماً 20 دن میں ختم ہو جاتی ہے، جس کے بعد باقی مہینہ گزارنے کے لیے انہیں پڑوسیوں اور اپنے ساتھی مزدوروں سے قرض لینا پڑتا ہے۔ ان کے مطابق محدود آمدنی اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث وہ اپنے بچوں کو مناسب تعلیم اور علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے سے بھی قاصر ہیں اور خاندان کو بنیادی ضروریات کے حوالے سے مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں۔

عمر خان کی یہ کہانی صرف ایک خاندان کی معاشی مشکلات کی عکاسی نہیں کرتی بلکہ ملک بھر میں ایسے لاکھوں گھرانوں کی صورتحال کو ظاہر کرتی ہے جن کی آمدنی اور روزمرہ اخراجات کے درمیان فرق مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ایک طرف مہنگائی نے عام شہریوں کی قوتِ خرید کو بری طرح متاثر کیا ہے تو دوسری جانب کاروباری اعتماد میں کمی نے سرمایہ کاری، صنعتی سرگرمیوں اور روزگار کے مستقبل کے حوالے سے بھی خدشات پیدا کر دیے ہیں۔

پاکستان اداره شماریات (PBS) کے تازہ ترین دستیاب ماہانہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2026 میں ملک میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد ریکارڈ کی گئی جو ستمبر میں 10.3 فیصد تھی۔ تاہم ماہانہ بنیادوں پر اکتوبر میں قیمتوں میں مزید 1.1 فیصد اضافہ ہوا۔

دوسری جانب سماجی تحقیق کرنے والے ادارے پلس کنسلٹنٹ کے ایک حالیہ سروے نے بھی گھریلو معیشت پر بڑھتے ہوئے دباؤ کی نشاندہی کی ہے۔

سروے کے مطابق 79 فیصد پاکستانی گھرانوں نے مہنگائی کو انتہائی ناقابل برداشت قرار دیا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 22 فیصد پوائنٹس زیادہ ہے۔

مطالعے میں بتایا گیا ہے کہ 73 فیصد گھرانوں کے مطابق ان کی موجودہ آمدنی ماہانہ اخراجات پورے کرنے کے لیے کافی نہیں، جبکہ گزشتہ سال ایسے گھرانوں کی شرح 49 فیصد تھی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آمدنی اور اخراجات کے درمیان فرق مزید بڑھ گیا ہے۔

مہنگائی کے اثرات صرف گھریلو بجٹ تک محدود نہیں رہے بلکہ شہریوں کی ذہنی صحت اور روزمرہ زندگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ پلس کنسلٹنٹ کے مطابق 84 فیصد افراد نے بتایا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران مہنگائی کے باعث انہیں ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
معاشی مشکلات کا دباؤ صرف عام صارفین تک محدود نہیں بلکہ کاروباری طبقہ اور سرمایہ کار بھی پاکستان کے معاشی مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔

اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (OICCI) کے تازہ ترین بزنس کانفیڈنس سروے کے نتائج بھی کاروباری ماحول میں بڑھتی ہوئی مایوسی کی نشاندہی کرتے ہیں۔

ستمبر اور اکتوبر 2026 میں کیے گئے سروے کے مطابق پاکستان میں مجموعی کاروباری اعتماد 36 فیصد پوائنٹس کی کمی کے بعد مثبت 13 فیصد سے گر کر منفی 23 فیصد پر آ گیا ہے۔

غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی 55 فیصد پوائنٹس کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ او آئی سی سی آئی کے اراکین میں کاروباری اعتماد مثبت 28 فیصد سے کم ہو کر منفی 27 فیصد پر آ گیا۔سروے کے مطابق معیشت کے مختلف شعبوں میں بھی کاروباری اعتماد متاثر ہوا ہے۔ ریٹیل اور ہول سیل سیکٹر کے اعتماد میں 45 فیصد پوائنٹس کی کمی آئی اور یہ منفی 25 فیصد پر پہنچ گیا۔

اسی طرح مینوفیکچرنگ سیکٹر کا کاروباری اعتماد 34 فیصد پوائنٹس کی کمی کے بعد منفی 25 فیصد جبکہ سروسز سیکٹر کا اعتماد 31 فیصد پوائنٹس کم ہو کر منفی 17 فیصد پر آ گیا۔

کاروباری اداروں نے مہنگائی زیادہ ٹیکسوں، توانائی کی قلت اور بلند لاگت حکومتی پالیسیوں کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال اور عالمی جغرافیائی و سیاسی حالات کو کاروباری اعتماد میں کمی کی اہم وجوہات قرار دیا ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی اپنے حالیہ مانیٹری پالیسی اعلامیے میں اعتراف کیا ہے کہ تازہ ترین صارفین اور کاروباری اعتماد کے سرویز میں دونوں طبقات کے اعتماد میں کمی دیکھی گئی ہے۔

معاشی ماہر پروفیسر ضیاء الدین کا کہنا ہے کہ کاروباری اعتماد میں کمی کے ملکی معیشت پر دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، کیونکہ معاشی غیر یقینی صورتحال نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کرتی ہے، صنعتی توسیع کو محدود کرتی ہے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی رفتار سست کر دیتی ہے۔

ان کے مطابق جب کاروباری ادارے سرمایہ کاری یا اپنے کاروبار کو وسعت دینے سے گریز کرتے ہیں تو اس کے نتیجے میں ملازمتوں کے مواقع کم ہوتے ہیں، لوگوں کی آمدنی مزید دباؤ کا شکار ہوتی ہے اور مجموعی معاشی سرگرمیوں میں سست روی پیدا ہوتی ہے۔

پروفیسر ضیاء الدین نے خبردار کیا کہ کاروباری اعتماد میں مسلسل کمی صارفین کی قوتِ خرید کو مزید متاثر کرنے اور معاشی بحالی کے عمل کو سست کرنے کا باعث بن سکتی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب عام گھرانے پہلے ہی مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجات سے پریشان ہیں۔

ماہرین کے مطابق گھریلو معیشت پر بڑھتا ہوا دباؤ اور کاروباری اعتماد میں کمی پاکستان کے لیے ایک بڑا معاشی چیلنج بن سکتے ہیں۔ ایک طرف عام شہری ،خوراک ،تعلیم علاج اور دیگر بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں تو دوسری جانب کاروباری اداری سرمایہ کاری اور کاروبار میں توسیع کے حوالے سے محتاط ہوتے جا رہے ہیں۔

اس صورتحال سے ایک ایسا معاشی چکر پیدا ہونے کا خدشہ ہے جس میں عوام کی قوتِ خرید میں کمی سے اشیا اور خدمات کی طلب کم ہو ، کاروباری سرگرمیاں محدود ہوں، روزگار کے مواقع گھٹیں اور گھریلو آمدنی مزید متاثر ہو۔

عمر خان جیسے محنت کشوں کے لیے یہ معاشی بحران محض مہنگائی کے اعداد و شمار یا کاروباری سرویز تک محدود نہیں بلکہ روزانہ کی بنیاد پر گھر کا چولہا جلانے، بچوں کی تعلیم جاری رکھنے اور علاج معالجے کے اخراجات پورے کرنے کی جدوجہد بن چکا ہے۔

Related posts

پاکستان میں 6 ہزار سائبر اسپیس ڈیفنڈرز بھرتی کرنے کا منصوبہ

آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکروں کے خلاف کارروائی، پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ

اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے مشترکہ دفاعی معاہدے کی اہم کمیٹی کا اجلاس شروع