مولانا یونس دردمند جاں بحق، 12 سالہ بیٹا شدید زخمی

ہنگو (پاک ٹوڈے): ضلع ہنگو میں بدامنی اور فائرنگ کے پے در پے واقعات نے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے تازہ واقعے میں معروف دینی شخصیت مولانا یونس دردمند جاں بحق ہو گئے ہیں، جبکہ ان کا 12 سالہ بیٹا شدید زخمی ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے مولانا یونس دردمند کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنے کمسن بیٹے کے ساتھ جاری رہے تھے۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی بچے کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریب کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ ضلع ہنگو میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ فائرنگ کا دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ اس سے ایک روز قبل ہنگو کے علاقے بگٹو میں بھی رات کے وقت نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں سابق ایم پی اے عتیق الرحمن کے چچازاد بھائی نور الرحمن (عرف قابلو) کا بیٹا محمد نور جاں بحق ہو گیا تھا۔

مقامی حلقوں نے ضلع میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور سیکیورٹی اداروں سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

Related posts

بند کمروں کے فیصلہ سازوں کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا، فیصلے عوام کی امنگوں کے مطابق ہوں گے، سہیل آفریدی

پشاور میں سیکیورٹی الرٹ، اضافی نفری طلب، محسن نقوی کو اہم بریفنگ

صدر اور وزیراعظم اگر گورنر راج یا ایمرجنسی لگانا ضروری سمجھیں تو گورنر ہاؤس بھرپور آئینی کردار ادا کرے گا