مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور کی علیل صحافی اسد خان کے لیے ایک لاکھ روپے کی مالی معاونت

پشاور (پاک ٹوڈے): مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) میں زیرِ علاج سینئر صحافی اسد خان کے لیے ابتدائی طور پر ایک لاکھ روپے کی مالی معاونت فراہم کر دی۔

پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض نے صحافی اسد خان کے علاج کے لیے مشیرِ اطلاعات سے رابطہ کیا تھا، جس پر انہوں نے فوری مالی معاونت کی منظوری دی۔ ثمر ہارون بلور کے پریس سیکرٹری ڈاکٹر فطرت بونیری اور میڈیا مینیجر عماد خان نے ایم ریاض کے ہمراہ ہسپتال میں اسد خان کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر ایک لاکھ روپے کا چیک بھی ان کے حوالے کیا گیا۔

پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض نے مالی معاونت پر ثمر ہارون بلور اور صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

ثمر ہارون بلور نے کہا کہ یہ ابتدائی مالی معاونت ہے اور ضرورت پڑنے پر اسد خان کو مزید مدد بھی فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور مشکل وقت میں ان کی مدد کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے صحافیوں کی دہشت گردی اور خراب امن و امان کی صورتِ حال میں خدمات کو بھی سراہا۔

مشیرِ اطلاعات نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت صحافی برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اسد خان کو بہترین علاج اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

Related posts

باجوڑ: ماموند میں فائرنگ سے جے یو آئی (ف) کارکن رحیم اللہ جاں بحق

خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے بعد افغان مہاجرین کی واپسی میں تیزی

سہیل آفریدی محفوظ ہاتھوں میں ہیں، مستقبل کے بارے میں کسی کو کچھ معلوم نہیں، گورنر خیبرپختونخوا