اسلام الدین ساجد
اسلام آباد (پاک ٹوڈے) ۔۔ پاکستان کے صوبہ پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت کی ممکنہ تبدیلی سے متعلق سیاسی قیاس آرائیوں میں اس وقت مزید شدت آگئی جب خود وزیراعلیٰ نے اپنی حکومت کے اندر موجود بعض عناصر کی جانب سے اگلی سیاسی ترتیب (Next Arrangement) کے لیے کوششوں کا اشارہ دیا۔
یہ بیان وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف کی جانب سے پنجاب میں ایک متبادل سیاسی انتظام تشکیل دینے کی کوششوں کے انکشاف کے چند روز بعد سامنے آیا، جس سے صوبے میں ممکنہ سیاسی تبدیلی کے حوالے سے جاری بحث مزید تیز ہوگئی ہے۔
مریم نواز نے گزشتہ روز ضلع جہلم میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ بعض لوگ کہاں سے اٹھ کر آئے ہیں اور اپنی اگلی سیاسی ترتیب کے لیے کیا کوششیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، "جہاں سے اٹھ کر آتے ہیں، مجھے سب پتہ ہے۔ اپنی اگلی ارینجمنٹ کر رہے ہیں، میں سب دیکھ رہی ہوں۔ بھائی، تم لوگوں کو اتنا اعتراض ہے تو اس حکومت میں وزیر بن کر کیوں بیٹھے ہو؟ استعفیٰ کیوں نہیں دیتے اور گھر کیوں نہیں جاتے؟”
اگرچہ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کسی شخصیت یا گروپ کا نام نہیں لیا، تاہم بظاہر ان کا اشارہ مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی جانب تھا، کیونکہ چوہدری سالک کے پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف لفظی گولہ باری جاری ہے۔
خواجہ آصف نے متبادل انتظام کا انکشاف کیا تھا
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے چند روز قبل اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب حکومت کو بدنام کرکے ایک نئی ٹیم سامنے لانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض سرمایہ دار اور کاروباری شخصیات بھی گزشتہ آٹھ سے دس ماہ سے اس سرگرمی میں متحرک ہیں اور ایک نیا سیاسی گروپ تشکیل دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا تھا کہ اس متبادل انتظام کا مقصد موجودہ حکومت کو بدنام کرنا ہے تاکہ اس کی جگہ نئی ٹیم پیش کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی مزید تفصیلات وہ ٹی وی پروگرام میں نہیں بتا سکتے، تاہم اینکر محمد مالک کو علیحدگی میں بتا سکتے ہیں کہ آگے کیا ہونے جا رہا ہے۔
وزیر دفاع نے یہ بھی کہا تھا کہ آئندہ انتخابات میں تقریباً دو سال باقی ہیں اور بعض عناصر کا خیال ہے کہ موجودہ سیاسی قیادت پرانی ہوچکی ہے، اس لیے نئی نسل کے لوگوں کو آگے لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
خواجہ آصف کے اس بیان نے اس لیے بھی توجہ حاصل کی کہ وہ خود مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما اور وفاقی کابینہ کے رکن ہیں۔
مریم نواز اور چوہدری سالک حسین کے درمیان تنازع
پنجاب میں سیاسی کشیدگی کی ایک اہم وجہ مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی جانب سے صوبائی حکومت پر کرپشن کے الزامات اور تنقید ہے۔
چوہدری سالک حسین نے پنجاب میں مبینہ بدعنوانی کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا، جس پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے انہیں قانونی نوٹس بھجوانے کا اعلان کرتے ہوئے الزامات ثابت کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
چوہدری سالک حسین نے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر انہیں قانونی نوٹس موصول ہوا تو وہ اس کا جواب دیں گے اور اپنے بیان پر قائم ہیں۔
مریم نواز کے تازہ بیان کے بعد چوہدری سالک حسین نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ پنجاب حکومت نے ان کی سکیورٹی واپس لے لی ہے، تاہم وہ سکیورٹی کی واپسی کا مطالبہ نہیں کر رہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو تنقید اور اختلافی آوازیں سننے کی عادت نہیں اور گزشتہ دو برس کے دوران یہ رویہ مزید مضبوط ہوا ہے کہ جو بھی ان کے بارے میں بات کرے، اسے دبانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
چوہدری سالک نے کہا، "ہم وزارت کیوں چھوڑ دیں؟ وہ وزارتِ اعلیٰ کیوں نہیں چھوڑ رہیں؟”
ان کا کہنا تھا کہ اگر حکمران اتحاد کے دیگر رہنما انہیں کسی معاملے پر اتحاد سے الگ ہونے کا کہیں تو وہ اس فیصلے پر عمل کرنے کے لیے تیار ہیں۔
چوہدری سالک حسین نے وزیراعلیٰ کے خلاف قانونی نوٹس کے معاملے پر کہا کہ انہوں نے براہ راست مریم نواز کا نام نہیں لیا تھا، بلکہ ان سے پنجاب میں کرپشن کے بارے میں سوال کیا گیا تھا، جس پر انہوں نے اپنے سنے ہوئے خدشات کا اظہار کیا۔
کیا پنجاب میں نئی سیاسی صف بندی ہو رہی ہے؟
سینئر صحافی محمد مالک نے خواجہ آصف کے انٹرویو کے بعد ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پنجاب اسمبلی کے بعض ارکان نے اپنی سطح پر ایک گروپ تشکیل دینے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ ان کے مطابق، اس گروپ سے وابستہ بعض افراد کو توقع ہے کہ آئندہ ایک سے دو برس میں سیاسی تبدیلی آسکتی ہے۔
محمد مالک نے اس ممکنہ گروپ کو ایک سابق طاقتور وزیراعلیٰ سے بھی منسوب کیا اور کہا کہ اس حوالے سے انہیں چند اہم اور دولت مند شخصیات کے نام بتائے گئے ہیں۔ ان کے بقول، ان افراد کے درمیان سیاسی نظریات سے زیادہ اقتدار کے حصول کا مشترکہ مفاد ہوسکتا ہے۔
تاہم، انہوں نے گروپ کے ارکان یا ان کی حمایت کرنے والے کسی فرد کا نام نہیں لیا۔
دوسری جانب پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے صوبائی حکومت کی تبدیلی کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری سالک حسین کے بیانات پر ٹی وی ٹاک شوز میں کافی بحث ہو رہی ہے اور اس حد تک انہیں کامیابی ملی ہے، تاہم پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔
کیا نئے صوبوں کی بحث بھی اس سیاسی کشمکش کا حصہ ہے؟
بعض سیاسی مبصرین پنجاب میں جاری کشیدگی کو نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث کے تناظر میں بھی دیکھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق، پنجاب میں سیاسی دباؤ بڑھانے کی کوششوں کا ایک ممکنہ مقصد مسلم لیگ (ن) کو صوبے کی انتظامی تقسیم اور نئے صوبوں کے قیام کی حمایت پر آمادہ کرنا بھی ہوسکتا ہے۔
مسلم لیگ (ن) بظاہر پنجاب کی تقسیم کے حق میں نظر نہیں آتی، کیونکہ صوبے کو کئی حصوں میں تقسیم کرنے کی صورت میں شریف خاندان کی سیاسی حکمرانی اور وزارتِ اعلیٰ تک رسائی صرف ایک صوبے تک محدود ہوسکتی ہے، جبکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے شریف خاندان کی سیاست اور اقتدار کا بنیادی مرکز پنجاب ہی رہا ہے۔
فی الحال پنجاب میں مریم نواز کی حکومت کے خلاف کسی فوری تبدیلی کا امکان نظر نہیں آ رہا، تاہم لوگ سوال کر رہے ہیں کہ جس اگلی سیاسی ارینجمنٹ کی بات کی جا رہی ہے، وہ کن لوگوں کی کوششوں کی طرف اشارہ ہے۔
