مریم نواز کا چوہدری سالک، اینکر نعیم اشرف بٹ اور اے آر وائی انتظامیہ کو قانونی نوٹس

لاہور (پاک ٹوڈے): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، اینکر نعیم اشرف بٹ اور اے آر وائی نیوز کی انتظامیہ کو قانونی نوٹس ارسال کر دیے ہیں۔

قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چوہدری سالک حسین نے پنجاب میں کرپشن کی فائلوں سے الماریاں بھری ہونے کا دعویٰ کیا، تاہم اپنے الزامات کے حق میں کوئی مستند ثبوت پیش نہیں کیا۔ نوٹس کے مطابق ان بیانات سے پنجاب حکومت کی ساکھ اور عوامی اعتماد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

مریم نواز کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں 2 نومبر 2026 کو اے آر وائی نیوز پر نشر ہونے والے چوہدری سالک حسین کے انٹرویو کا حوالہ دیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اینکر نعیم اشرف بٹ نے پنجاب میں مبینہ کرپشن کے معاملے پر گفتگو کا آغاز کیا، جس کے بعد وفاقی وزیر نے صوبائی حکومت کے خلاف الزامات عائد کیے۔

قانونی نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ چوہدری سالک حسین نے پنجاب میں کرپشن سے متعلق باتیں سننے اور فائلوں سے الماریاں بھری ہونے کا دعویٰ کیا، لیکن ان الزامات کے حق میں کوئی دستاویزی ثبوت فراہم نہیں کیا۔ نوٹس کے مطابق ان کے بیانات سے عوام میں صوبائی انتظامیہ میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا تاثر پیدا ہوا۔

نوٹس میں وفاقی وزیر کے عہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اہم سرکاری منصب پر فائز شخص سے ذمہ دارانہ گفتگو کی توقع کی جاتی ہے اور سنی سنائی باتوں کو حقیقت کے طور پر پیش کرنا مناسب نہیں۔ اس میں اینکر پر بھی اعتراض اٹھایا گیا ہے کہ انہوں نے انٹرویو کے دوران الزامات کی تصدیق کے لیے شواہد طلب نہیں کیے۔

قانونی نوٹس کے مطابق حکومتی کارکردگی پر تنقید اور سوال اٹھانا ہر کسی کا حق ہے، تاہم بے بنیاد الزامات پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مریم نواز نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا اعلان کیا تھا۔ اٹک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چوہدری سالک کو چیلنج کیا تھا کہ اگر ان کے پاس پنجاب حکومت یا ان کے خلاف کرپشن کے ثبوت ہیں تو عوام کے سامنے پیش کریں، بصورت دیگر انہیں عدالت میں لے جایا جائے گا۔

مریم نواز نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی تعریف پر بھی تنقید کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بارش کے دوران گجرات کے دورے پر سڑکوں اور محلوں میں پانی جمع تھا اور ان کی گاڑی بھی پانی میں ڈوب گئی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ کرپشن کے معاملے پر کسی کی بلیک میلنگ یا دباؤ میں نہیں آئیں گی اور صوبے میں تمام تقرریاں میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں۔

Related posts

ٹرمپ کا اسرائیل کو سالانہ 4 ارب ڈالر کی امریکی امداد بند کرنے کا اعلان

پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے، اپنے بیان پر قائم ہوں، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین

مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ڈرون کی پرواز، بیٹے کا سخت ردعمل سامنے آگیا