متحدہ عرب امارات نے نیتن یاہو کے دورہ ابوظہبی کی باضابطہ تصدیق کردی

ابوظہبی (پاک ٹوڈے): متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے ابوظہبی کے حالیہ دورے اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔

اماراتی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ملاقات کے دوران متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور انہیں مزید مضبوط اور فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم مختصر دورے پر ابوظہبی پہنچے تھے اور اماراتی صدر سے ملاقات کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔

اماراتی بیان میں ان رپورٹس کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مختصر دورے کے دوران نیتن یاہو نے اماراتی صدر سے 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے سے قبل ممکنہ خطرے سے آگاہ کیے جانے سے متعلق تردید کرنے کی درخواست کی تھی۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے ملاقات کی تصدیق ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دونوں ممالک کے تعلقات اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

Related posts

غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی تکالیف کو جائز قرار نہیں دیا جا سکتا، برطانیہ

جارجیا میں سالگرہ کی پارٹی پر فائرنگ، 11 نوجوان زخمی، 2 کی حالت تشویشناک

برطانیہ میں امریکی استعمال والے فضائی اڈے کے قریب 5 افراد حملے کی تیاری کے شبہے میں گرفتار