لکی مروت (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کے ڈویژن بیٹنی میں حسین خیل غنڈی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے ناکہ بندی کرکے ایک گاڑی کو روک لیا اور اس میں سوار چار افراد کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا۔
ذرائع کے مطابق مغویوں میں پولیس اہلکار شعبان، ایف سی اہلکار نسیم اور ڈرائیور رحمن گل شامل ہیں، جبکہ چوتھے شخص کی شناخت تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق بیٹنی قوم کے افراد بڑی تعداد میں متحرک ہوگئے ہیں اور مسلح افراد کی نقل و حرکت روکنے کے لیے مختلف راستوں پر ناکہ بندی کی گئی ہے۔
دوسری جانب وسطی کرم میں بھی چار پولیو ورکرز کے اغوا کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ مقامی اور سرکاری ذرائع نے پولیو ورکرز کے اغوا کی تصدیق کی ہے۔