لاہور میں گھریلو تنازع پر داماد کی فائرنگ، ساس اور سالا جاں بحق، بیوی سمیت 2 خواتین زخمی

لاہور (پاک ٹوڈے): لاہور کے علاقے ستوکتلہ میں گھریلو تنازع پر داماد کی مبینہ فائرنگ سے ساس اور سالا جاں بحق جبکہ بیوی اور سالی زخمی ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق ملزم مرزا علی یار نے سسرالیوں کے گھر میں داخل ہوکر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں سمیع موقع پر جاں بحق ہوگیا، جبکہ زخمی ہونے والی کلثوم نے اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ دیا۔ واقعے میں زخمی ہونے والی رمیزہ اسپتال میں زیر علاج ہے، جبکہ ملزم کی بیوی خالدہ کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے اور اسے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں رکھا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اور اس کی بیوی کے درمیان طویل عرصے سے گھریلو تنازع چل رہا تھا۔ خاتون نے ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا رکھا تھا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم دیوار پھلانگ کر زبردستی گھر میں داخل ہوا اور وہاں موجود سسرالیوں پر فائرنگ کردی، جس کے بعد وہ فرار ہوگیا۔

واقعے کے بعد فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردی گئیں۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

Related posts

پاکستانی فوج کے حملوں میں 1,119 شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے، افغان حکومت

افغانستان میں اختلافات ختم، امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، افغان وزیر داخلہ

پشاور کے علاقے سلیمان خیل گلبہار میں ڈرون طیارہ گر کر تباہ