اسلام آباد (پاک ٹوڈے): ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے قدرتی آفات سے نمٹنے اور ان کے معاشی اثرات کم کرنے کی غرض سے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق پاکستان میں سیلاب، زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات کے باعث ہر سال تقریباً 2 ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔ منظور شدہ قرض کے ذریعے پاکستان کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی استعداد بہتر بنانے کے ساتھ آفات کے بعد فوری بجٹ معاونت کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔
اے ڈی بی نے بتایا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب سے پاکستان کو 14.9 ارب ڈالر کا براہ راست نقصان ہوا تھا، جبکہ معاشی نقصانات کا تخمینہ 15.2 ارب ڈالر لگایا گیا تھا۔ ان سیلابوں کے نتیجے میں 91 لاکھ افراد غربت کا شکار ہوئے تھے۔
بینک کے مطابق قدرتی آفات سے سب سے زیادہ غریب اور دیہی آبادی متاثر ہوتی ہے، جبکہ خواتین اور لڑکیوں کو بھی ان حالات میں غیر متناسب مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
قرض کے تحت قدرتی آفات سے بچاؤ، خطرات کے مؤثر انتظام اور ترقیاتی منصوبہ بندی میں قدرتی خطرات کو مدنظر رکھنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ آفات کے بعد مالی وسائل کی فوری دستیابی اور پاکستان کے ڈیزاسٹر رسک فنانسنگ نظام کو مضبوط بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ قدرتی آفات سے قبل مؤثر تیاری انسانی جانوں اور معاشی وسائل کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس سے مستقبل میں ہونے والے مالی نقصانات کم کرنے اور قدرتی آفات سے متاثر ہونے والے کمزور طبقات کے تحفظ میں مدد ملے گی۔
