پشاور (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے کہا ہے کہ عمران خان تین سال سے زائد عرصے سے جعلی مقدمات میں سزا بھگت رہے ہیں، جبکہ گزشتہ 9 ماہ سے انہیں غیر انسانی قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود عمران خان کو بنیادی علاج کی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی، جبکہ ان کی اہلیہ، بہنوں اور رشتہ داروں کو بھی ناجائز قید کا سامنا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان میں مراد سعید نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی عوامی منتخب حکومت کو دہشت گردی کا بہانہ بنا کر معطل کیا گیا اور اب اسی بہانے پاکستان تحریک انصاف کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا کہ چار کروڑ عوام کے منتخب نمائندے اور وزیراعلیٰ لاپتہ ہیں اور انہیں حبسِ بے جا میں رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق صوبائی اسمبلی کے اسپیکر، وزراء، منتخب نمائندوں، ایک سابق وزیراعلیٰ اور سیاسی کارکنوں کو بھی اغوا کیا گیا ہے، جبکہ ان کے اہلِ خانہ کی جان و مال محفوظ نہیں۔
مراد سعید نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو قربانی کا نشانہ بنا کر بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور صوبے کے عوام اور وسائل کا سودا کیا جا رہا ہے۔