عمران خان صوبوں کو چھوٹے انتظامی یونٹس میں تقسیم کرنے کے حامی ہیں، سلمان اکرم راجا

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ہمیشہ سے صوبوں کو چھوٹے انتظامی یونٹس میں تقسیم کرنے کے حامی رہے ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ صوبوں کا حجم کم کرکے انتظامی بنیادوں پر نئے یونٹس قائم کیے جانے چاہییں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ عمران خان سے براہ راست بات چیت ہونی چاہیے اور بانی پی ٹی آئی تک پارٹی قیادت سمیت سب کو رسائی دی جائے تو مذاکرات کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلمان صفدر سے بھی کہا گیا ہے کہ ان سے اصولی بنیادوں پر بات کی جائے، جس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ پی ٹی آئی کو کس سمت میں آگے بڑھنا ہے اور وہ کیا کردار ادا کر سکتی ہے۔

صوبوں کو چھوٹے انتظامی یونٹس میں تقسیم کرنے کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ماضی میں بھی اس ضرورت کا اظہار کرتے رہے ہیں، تاہم ممکنہ مذاکرات صرف اسی ایک معاملے تک محدود نہیں ہوں گے بلکہ دیگر امور بھی زیر بحث آئیں گے۔

سلمان اکرم راجا نے القادر ٹرسٹ کیس کی اپیلوں پر تیزی سے سماعت کے لیے کیے جانے والے اصرار پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بشریٰ بی بی کو ریلیف ملنا چاہیے، جبکہ ان کے لیے ضروری ہے کہ انہیں اپنی مرضی کے اسپتال میں منتقل ہونے کی سہولت دی جائے۔

Related posts

ٹرمپ احمق اور انتہائی خود پسند ہیں، جے ڈی وینس اقتدار کے خواہش مند، عبدالرحمان السید

ایران کا امریکی اور اسرائیلی حملوں کے خلاف عالمی سطح پر کارروائی کا مطالبہ، اسرائیلی جوہری تنصیبات کی نگرانی پر زور

امریکی رکن کانگریس نے افغان اتحادیوں کے لیے خصوصی امیگریشن تحفظ میں توسیع کی قرارداد پر دستخط کر دیے