ایران کا امریکی اور اسرائیلی حملوں کے خلاف عالمی سطح پر کارروائی کا مطالبہ، اسرائیلی جوہری تنصیبات کی نگرانی پر زور

نیویارک (پاک ٹوڈے): ایران نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے اپنی جوہری، کیمیائی اور حیاتیاتی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کارروائیوں کا واضح طور پر نوٹس لیا جائے اور اسرائیل کی جوہری تنصیبات کو بین الاقوامی نگرانی میں لایا جائے۔

نیویارک میں مشرق وسطیٰ کو جوہری اور دیگر بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے پاک خطہ بنانے سے متعلق ساتویں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور نمائندے غلام حسین درزی نے کہا کہ بعض ممالک کی جانب سے ان حملوں پر خاموشی اختیار کرنا تشویش ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف حملوں کی مذمت نہ کرنا اور دوسری جانب ایران کے جوہری پروگرام پر اعتراضات اٹھانا دوہرے معیار کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے بقول اس طرزِ عمل سے عالمی سطح پر اسلحے کی تخفیف اور جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے نظام کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔

غلام حسین درزی نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) میں شامل ہو اور اپنی جوہری تنصیبات کو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی نگرانی میں دے۔

ایرانی نمائندے نے زور دیا کہ مشرق وسطیٰ کو جوہری اور دیگر تباہ کن ہتھیاروں سے پاک خطہ بنانے کے لیے تمام ممالک پر یکساں اصولوں کا اطلاق ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو جوہری عدم پھیلاؤ اور اسلحے کی تخفیف کے حوالے سے دوہرے معیار ترک کرکے بین الاقوامی معاہدوں اور اصولوں کی پاسداری یقینی بنانی چاہیے۔

Related posts

امریکی رکن کانگریس نے افغان اتحادیوں کے لیے خصوصی امیگریشن تحفظ میں توسیع کی قرارداد پر دستخط کر دیے

باب المندب سے یمنی حکومتی فورسز کے انخلا کے بعد سعودی عرب نے اتحادی فوج کے کمانڈر کو عہدے سے ہٹا دیا

عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے، محمود اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کا مطالبہ