پشاور (پاک ٹوڈے): ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں پاک افغان سرحدی گزرگاہ طورخم پر ایک بار پھر کشیدگی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق افغان فورسز کی جانب سے سرحدی علاقے میں کام شروع کرنے کے بعد سکیورٹی خدشات بڑھ گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان فورسز نے بعدازاں کام روک دیا، جس کے بعد طورخم بارڈر کھول دی گئی۔ تاہم، سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر سرکاری اہلکاروں کو طورخم سے نکلنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ افغان مہاجرین کو لے جانے والی گاڑیوں کو بھی واپس بھیج دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث طورخم کے علاقے کو خالی کرانے کے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔ تاہم، سرحدی صورتحال اور متعلقہ اقدامات کے حوالے سے حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
