پشاور (پاک ٹوڈے): ضلع خیبر کی 30 مخصوص یونین کونسلوں میں 6 روزہ خصوصی پولیو بوسٹر ڈوز مہم شروع کر دی گئی ہے، جس کے دوران 2 لاکھ 11 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ خیبر کے زیر نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق مہم 26 سے 31 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ اس دوران 4 ماہ سے 10 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو بوسٹر ڈوز دی جائے گی، جبکہ 5 سے 10 سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔
مہم کے لیے 700 تربیت یافتہ پولیو ٹیمیں اور 594 سوشل موبلائزرز تعینات کیے گئے ہیں۔ ٹیمیں گھروں، اسکولوں، مدارس اور طبی مراکز میں قائم ویکسینیشن پوائنٹس پر خدمات انجام دیں گی۔
انتظامیہ کے مطابق پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے بھی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
