سیالکوٹ (پاک ٹوڈے): وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں جتنی لوٹ مار اور کرپشن صحت کے شعبے میں ہو رہی ہے، اتنی کسی اور شعبے میں نہیں دکھائی دیتی۔
سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کی صنعت سے لاکھوں محنت کش جڑے ہوئے ہیں اور یہ شہر اپنی معیاری مصنوعات کی وجہ سے عالمی سطح پر خاص اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیکٹری ورکرز کے لیے سوشل سکیورٹی اسپتال میں جدید اور اعلیٰ ترین سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں، کیونکہ محنت کشوں کو معیاری علاج کی فراہمی انتہائی ضروری ہے۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کا حوالہ دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پمز میں سامنے آنے والا سانحہ صرف اور صرف کرپشن کا نتیجہ ہے، جس پر وزیراعظم نے بھی فوری نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے پمز کے واقعے کو ایک "خطرے کی گھنٹی” قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس تمام معاملا ت میں نچلے عملے سے لے کر ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی تک سب ملوث تھے، جو کہ ایسے ہی ہے جیسے چوروں کو پولیس میں بھرتی کر دیا جائے۔ وہاں عوام کی خدمت کے بجائے صرف مال کمانے کو ترجیح دی گئی۔
وزیر دفاع نے مزید نشاندہی کی کہ راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں ایسے کئی بڑے اسپتال قائم ہیں جو غیر رجسٹرڈ ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سیالکوٹ کے اسپتالوں میں جلد کینسر کے علاج اور برن یونٹ کی جدید سہولیات بھی میسر کر دی جائیں گی۔