پشاور (پاک ٹوڈے): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 4 اکتوبر کے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے لیے عوام سے مالی تعاون کی اپیل کی ہے۔
ایکس پر جاری اپنے پیغام میں سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے اور عوامی و مالی حمایت کے بغیر اسے کامیاب بنانا ممکن نہیں۔ انہوں نے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ فنڈ ریزنگ میں اپنا حصہ ڈالیں جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قانونی طریقے سے مالی تعاون کریں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ لانگ مارچ کی قیادت اور پارٹی رہنما فنڈ ریزنگ پروگرام میں موجود ہوں گے۔ ان کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی خود شریک نہ ہوسکیں تو اپنے رشتہ داروں یا دوستوں کے ذریعے قانونی طریقے سے رقم جمع کرا سکتے ہیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کا 4 اکتوبر کا لانگ مارچ گنڈی چوک لکی مروت سے شروع ہوگا، پہلے مرحلے میں کرک اور 5 اکتوبر کو کوہاٹ میں پڑاؤ ہوگا، جس کے بعد مارچ پشاور کی جانب بڑھے گا۔
سہیل آفریدی اس سے قبل بھی واضح کرچکے ہیں کہ 4 اکتوبر کا لانگ مارچ ہوگا اور اسے پرامن رکھنے کا مؤقف اختیار کیا ہے۔