سوات پریمیئر لیگ کے آٹھویں سیزن کا آغاز، میجر جنرل راؤ عمران اور عبدالرزاق کی شرکت

سوات (پاک ٹوڈے): سوات میں کرکٹ کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سوات پریمیئر لیگ کے آٹھویں سیزن کا آغاز ہوگیا۔ افتتاحی تقریب میں انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (ایف سی) نارتھ میجر جنرل راؤ عمران نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق بھی تقریب میں موجود تھے۔

لیگ کے مقابلے سیدو شریف کے تاریخی گراسی گراؤنڈ میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ایونٹ کا مقصد مقامی کرکٹ ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

لیگ کے آغاز سے قبل سوات پولیس نے کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر خان کی ہدایات پر پولیس افسران نے گراسی گراؤنڈ کا دورہ کیا اور داخلی و خارجی راستوں، تماشائیوں کے بیٹھنے کی جگہوں، کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سیکیورٹی، پارکنگ اور ہنگامی راستوں کا معائنہ کیا۔

ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز مروت نے بھی ڈی پی او سوات کے ہمراہ گراؤنڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں سیکیورٹی اور انتظامی امور سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ آر پی او نے ہدایت کی کہ کھلاڑیوں اور شائقین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر سوات عدنان ابرار نے لیگ کے انعقاد کی باضابطہ اجازت دی تھی۔ اجازت نامے کے مطابق مقابلے 15 نومبر سے 15 دسمبر 2026 تک گراسی گراؤنڈ سیدو شریف میں منعقد ہوں گے۔

انتظامیہ نے منتظمین کو سرکاری قواعد و ضوابط اور سیکیورٹی کے طے شدہ طریقہ کار پر عمل درآمد کا پابند بنایا ہے۔ اجازت نامے کے مطابق صوبائی حکومت کی پیشگی اجازت کے بغیر کسی غیر ملکی شخص کو تقریب میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق سوات پریمیئر لیگ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور کھیل کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے گی۔ لیگ سے مقامی کرکٹ کے فروغ اور علاقے میں صحت مند سرگرمیوں کو وسعت دینے کی توقع ہے۔

Related posts

ابوظہبی کی مقامی عدالت کا فیصلہ پاکستان میں نافذ نہیں ہوسکتا، سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ

لاہور میں نوڈلز کھانے سے دو کمسن بہنیں جاں بحق، تیسری کی حالت تشویشناک

لاہور میں جعلی نمبر پلیٹس والی 4 گاڑیاں پکڑی گئیں، کریک ڈاؤن تیز