باڑہ(پاک ٹوڈے) : ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں رات کی تاریکی میں مسلح افراد نے سرکاری وردی کا سہارا لے کر ایک گھر سے کروڑوں کے قریب نقدی لوٹ لی، جس سے پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس اور تشویش پھیل گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ سنگین واردات تھانہ اکاخیل کی حدود گڈ ملنگ میں میلوارڈ کے قریب پیش آئی۔ رات تقریباً 2 بجے پولیس یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی وردی میں ملبوس متعدد مسلح افراد تلاشی کے بہانے مقامی شہری زاہد کے گھر میں داخل ہوئے۔
متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ملزمان نے داخل ہوتے ہی تمام اہلخانہ کو یرغمال بنا لیا اور پورے گھر کی تلاشی کے نام پر چھان بین شروع کر دی۔ اس دوران مسلح افراد گھر میں موجود تقریباً 60 لاکھ روپے کی نقد رقم سمیٹ کر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آسانی سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس حکام نے جائے وقوعہ کو تحویل میں لے کر فنگر پرنٹس اور دیگر اہم شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، جبکہ واقعے کی مختلف زاویاں سے تفتیش کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق اس بات کا سراغ لگایا جا رہا ہے کہ واردات میں ملوث افراد کا تعلق کسی منظم گروہ سے ہے یا انہوں نے سکیورٹی اداروں کی وردی کا استعمال کارروائی کو آسان بنانے کے لیے کیا۔
ریڈرنل سکیورٹی کی اس سنگین صورتحال پر مقامی شہریوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اعلیٰ حکام سے مطالبات کیے ہیں کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرا کر ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور لوٹی گئی رقم واگزار کرائی جائے۔
