پشاور (پاک ٹوڈے): خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں مالی سال 2025،26 کے دوران 4 ارب 29 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کی گیس چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ گیس کے نقصانات کی شرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں تقریباً 3.5 فیصد بڑھ گئی۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق جنوبی اضلاع میں اوسطاً ہر ماہ 35 کروڑ 78 لاکھ روپے اور روزانہ تقریباً ایک کروڑ 18 لاکھ روپے مالیت کی گیس چوری ہو رہی ہے۔
گیس حکام کا دعویٰ ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کے عدم تعاون کے باعث گیس چوری کے خلاف مؤثر کارروائی میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ سیاسی قائدین کی سرپرستی کے باعث بھی گیس چوری میں اضافے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
دوسری جانب کرک کے گاؤں نشپا کے قریب پائپ لائن سے مبینہ غیر قانونی کنکشن لینے کے دوران دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت متعدد افراد شدید زخمی ہوگئے۔