خیبر پختونخوا میں نجی جرگوں پر پابندی، قانونی حیثیت اور کردار پر بحث چھڑ گئی

رپورٹ: ریاض حسین

پشاور: خیبر پختونخوا پولیس نے نجی سطح پر منعقد ہونے والے جرگوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے شادی ہالز، ہوٹلوں اور دیگر مقامات کے مالکان کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسے اجتماعات کی میزبانی سے گریز کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

پولیس کے اس فیصلے کے بعد روایتی جرگہ نظام کے کردار پر بحث چھڑ گئی ہے۔ پولیس حکام کا مؤقف ہے کہ بعض نجی جرگے مالی استحصال، دھمکیوں اور تشدد کا سبب بن رہے تھے، جبکہ نجی جرگہ کمیٹیوں کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ پورے نظام پر پابندی عائد کرنے کے بجائے اس میں اصلاحات اور مؤثر نگرانی کا نظام متعارف کرایا جانا چاہیے۔

دوسری جانب قانونی ماہرین نے نجی جرگوں اور پولیس کی زیر نگرانی قائم مصالحتی کمیٹیوں (ڈی آر سیز) کے فیصلوں پر عمل درآمد کے قانونی اختیار پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد کا اختیار عدالتوں کو حاصل ہے۔

پولیس کے سینئر حکام کے مطابق نجی جرگوں کے حوالے سے متعدد شکایات اور ناخوشگوار واقعات سامنے آنے کے بعد پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض جرگے باقاعدہ کاروباری سرگرمیوں کی شکل اختیار کر چکے تھے، جہاں تنازعات کے فریقین سے بھاری رقم بطور ضمانت جمع کرانے کا مطالبہ کیا جاتا تھا، جبکہ بعض معاملات میں انہیں دھمکیوں اور دباؤ کا بھی سامنا کرنا پڑتا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق محکمہ پولیس متبادل نظامِ مصالحت کے تحت اپنی نگرانی میں قائم ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسلز (ڈی آر سیز) کے ذریعے تنازعات حل کرنے کی حمایت کرتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ کونسلز فریقین سے کسی قسم کی فیس وصول کیے بغیر تنازعات کے حل میں مدد فراہم کرتی ہیں اور نجی جرگوں کے مقابلے میں ایک متبادل پلیٹ فارم ہیں۔

حکام کے مطابق ڈی آر سیز کے ارکان مقامی لوگوں میں جانے پہچانے ہوتے ہیں اور ان کی سرگرمیوں کی پولیس نگرانی کرتی ہے۔ پولیس پہلے بھی نجی جرگوں کی حوصلہ شکنی کرتی رہی ہے، تاہم مسلسل شکایات اور واقعات کے باعث اب باضابطہ پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) ڈاکٹر میاں سعید احمد نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نجی جرگے اسلحے کی نمائش اور بندوق کلچر کو فروغ دینے کے ساتھ مالی استحصال کا ذریعہ بھی بن رہے تھے۔

انہوں نے کہا، ’’نجی جرگوں کے خلاف کارروائی کی ایک اہم وجہ مقامی لوگوں کی جانب سے یہ نشاندہی تھی کہ یہ بندوق کلچر کو فروغ دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ فریقین سے بھاری رقوم بطور ضمانت جمع کرائی جاتی ہیں۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات ایسے اجتماعات میں تنازعے کے فریقین کے درمیان جھگڑے اور تصادم بھی ہو جاتے تھے، حتیٰ کہ جرگے کے مقام پر بھی تشدد کے واقعات پیش آتے تھے۔

سی سی پی او نے کہا کہ حکومت نے تنازعات کے مفت حل کے لیے ڈی آر سیز قائم کر رکھی ہیں، اس لیے نجی گروہوں کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔

ان کے بقول بعض نجی جرگے کاروباری سرگرمیوں میں تبدیل ہو چکے تھے اور ان کے ارکان دونوں فریقین سے خدمات کے عوض رقم وصول کرتے تھے۔ ایسے جرگے اکثر ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں منعقد کیے جاتے تھے، جہاں پرتکلف کھانوں اور دیگر انتظامات کے اخراجات بھی تنازعات میں الجھے خاندانوں پر اضافی مالی بوجھ ڈالتے تھے۔

انہوں نے کہا، ’’جب تنازعات کے مفت حل کے لیے ایک ادارہ پہلے سے موجود ہے تو نجی گروہوں کی ضرورت نہیں۔‘‘

سی سی پی او نے مزید الزام عائد کیا کہ بعض جرگہ ارکان زمینوں پر قبضوں اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں بھی ملوث ہو گئے تھے۔ ان کے مطابق پولیس نے ایسے بعض افراد کو گرفتار کیا، رقم برآمد کی اور متاثرہ فریقین کو واپس دلائی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض نجی جرگوں کے فیصلوں پر اسلحے کے زور، دھمکیوں اور دباؤ کے ذریعے عمل درآمد کرایا جاتا تھا، جبکہ فریقین سے پہلے ہی یہ رضامندی لے لی جاتی تھی کہ وہ جرگے کا فیصلہ ہر صورت قبول کریں گے۔

ڈاکٹر میاں سعید احمد نے کہا، ’’ہم نے سب پر واضح کر دیا ہے کہ نہ صرف جرگہ ارکان کے خلاف کارروائی ہوگی بلکہ ایسے اجتماعات کے انعقاد کے لیے جگہ فراہم کرنے والوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘‘

دوسری جانب خیبر پختونخوا پرائیویٹ اصلاحی کمیٹی کے کنوینر سہراب علی خان نے پولیس کے بعض خدشات سے اتفاق کرتے ہوئے نجی جرگوں پر مکمل پابندی کی مخالفت کی ہے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ بعض جرگے کاروباری سرگرمیوں، رشوت اور مالی استحصال میں ملوث ہو چکے ہیں، جبکہ جرائم پیشہ پس منظر رکھنے والے بعض افراد نے بھی اس نظام میں جگہ بنا کر فیصلوں پر اثرانداز ہونا شروع کر دیا ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایسے غیر قانونی اقدامات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، نہ کہ چند منفی واقعات کی بنیاد پر پورے نظام کو ختم کر دیا جائے۔ ان کے مطابق ہزاروں باعزت اور قانون پسند افراد رضاکارانہ طور پر خاندانی، قبائلی اور معاشرتی تنازعات کے حل میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

سہراب علی خان نے کہا کہ نجی جرگوں سے رجوع کرنے کی ایک بڑی وجہ عدالتی نظام میں تاخیر بھی ہے۔ لوگوں کو جرگوں کے ذریعے نسبتاً جلد انصاف ملنے کی امید ہوتی ہے، جبکہ عدالتوں میں مقدمات کے فیصلوں میں کئی سال لگ جاتے ہیں اور بعض اوقات عدالتی فیصلوں پر بھی مؤثر عمل درآمد نہیں ہو پاتا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں جرگے کی روایات اور طریقہ کار یکساں نہیں بلکہ مقامی قبائلی، ثقافتی اور معاشرتی حالات کے مطابق مختلف ہیں۔ اس لیے بعض علاقوں میں پیش آنے والے منفی واقعات کو پورے صوبے کے جرگہ نظام سے منسوب نہیں کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلحے کی نمائش، بھاری ضمانتی رقوم کا مطالبہ، فریقین کو دھمکانا اور طاقت یا اثر و رسوخ کے ذریعے فیصلے مسلط کرنے جیسے اقدامات کا خاتمہ ضروری ہے۔ تاہم حکام کو پورے نظام پر پابندی لگانے کے بجائے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو نشانہ بنانا چاہیے۔

سہراب علی خان نے روایتی جرگہ نظام کے مثبت کردار کو برقرار رکھنے کے لیے اصلاحات، مؤثر ضابطہ کاری اور ادارہ جاتی بہتری پر زور دیا، تاکہ یہ نظام قانون اور بنیادی انسانی حقوق کے دائرے میں رہتے ہوئے تنازعات کے حل میں اپنا کردار ادا کر سکے۔

ادھر ہائی کورٹ کے وکیل اکبر ہوتی نے نجی جرگوں اور پولیس کی زیر نگرانی قائم ڈی آر سیز، دونوں کے فیصلوں پر عمل درآمد کے قانونی اختیار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں سے کسی کو بھی اپنے فیصلے نافذ کرانے کا آزادانہ قانونی اختیار حاصل نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈی آر سیز پولیس کی نگرانی میں کام کرتی ہیں، جبکہ نجی جرگے آزادانہ طور پر منعقد کیے جاتے ہیں، تاہم دونوں ہی اپنے فیصلوں پر قانونی طور پر عمل درآمد کرانے کے مجاز نہیں۔ پاکستان کے قانونی نظام میں عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد کا اختیار عدالتوں کو حاصل ہے۔

اکبر ہوتی نے وضاحت کی کہ جب کوئی عدالت دو فریقین کے درمیان تنازعے کا فیصلہ کرتی ہے تو اسے اپنے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے قانونی کارروائی، بشمول عمل درآمد کی درخواست (ایگزیکیوشن پروسیڈنگز)، کا اختیار حاصل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی بنیادی ذمہ داری امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے، نہ کہ ایک نجی شخص سے دوسرے کے لیے رقم وصول کرنا یا نجی مالی معاملات کے تصفیوں پر عمل درآمد کرانا۔

ان کے مطابق ڈی آر سیز اور نجی جرگے تنازعات کے حل میں ثالثی اور مصالحت کا کردار ادا کر سکتے ہیں، تاہم انہیں اپنے فیصلے نافذ کرانے کا الگ قانونی اختیار حاصل نہیں۔ عمل درآمد کا مؤثر قانونی طریقہ کار نہ ہونے کے باعث ان کے فیصلوں پر فریقین کی رضامندی برقرار رکھنا بھی محدود ہو جاتا ہے۔

اکبر ہوتی نے زور دیا کہ تنازعات کے حل کے کسی بھی نظام کو واضح قانونی دائرہ کار، مناسب حفاظتی اقدامات اور ایسے مؤثر طریقہ کار کے تحت کام کرنا چاہیے جو اس کے ذریعے طے پانے والے تصفیوں اور فیصلوں پر قانون کے مطابق عمل درآمد یقینی بنا سکے۔

Related posts

بلوچستان اسمبلی میں سرداری نظام کے خاتمے کی قرارداد ایک بار پھر مسترد

چوہدری سالک حسین نے مریم نواز کے قانونی نوٹس کا جواب بھجوا دیا

بلاول بھٹو زرداری کا مولانا فضل الرحمٰن سے ٹیلی فونک رابطہ، سیاسی صورتِ حال پر گفتگو