اسلام آباد (پاک ٹوڈے): الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات روکنے جبکہ پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کا شیڈول جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 7 فروری کو منعقد ہوگا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وفاقی حکومت کی جانب سے 4 نومبر کو جاری کردہ آرڈر کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں آرڈر کی شق نمبر 2 پر غور کیا گیا، جس کے تحت آئین کے آرٹیکل 140 اے کو معطل کیے جانے کا ذکر ہے۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات روکنے کا فیصلہ جاری کردیا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اس سے قبل 28 اکتوبر کو خیبرپختونخوا کے ان اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا جہاں ایمرجنسی نافذ نہیں تھی۔
دوسری جانب پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے بھی اجلاس میں تفصیلی غور کیا گیا۔ اس سے قبل پنجاب کابینہ کمیٹی اور الیکشن کمیشن کے اجلاس میں صوبائی حکومت نے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے درمیان انتخابات کرانے کی تجویز دی تھی۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب نے مؤقف اختیار کیا کہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری مکمل ہے، تاہم انتظامی اور انتخابی انتظامات کے لیے مزید دو ماہ درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر اور جنوری میں دھند انتخابات کے انعقاد میں رکاوٹ بن سکتی ہے جبکہ سرد موسم کے باعث ووٹر ٹرن آؤٹ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ انتخابات کے لیے 20 جنوری کے بعد کی تاریخ مقرر کی جائے، جسے چیف الیکشن کمشنر نے منظور کرتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے انعقاد کے لیے 7 فروری کی تاریخ مقرر کردی۔