اسلام الدین ساجد
اسلام اباد ( پاک ٹوڈے) پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے ملک کو 12 صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز کی حمایت کے بعد ملک میں ایک نئی سیاسی بحث شروع ہو گئی ہے۔ ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک کے سیاسی اور صحافتی حلقوں میں یہ بحث زور پکڑ چکی ہے کہ آیا پاکستان کے طاقتور حلقے ملک کا موجودہ انتظامی نقشہ تبدیل کرکے چاروں صوبوں کو تقسیم کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں؟
اس تجویز کی مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے حمایت اور مخالفت کی جا رہی ہے، تاہم سب سے سخت مخالفت پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سامنے آئی ہے، جو سندھ میں اپنی صوبائی حکومت اور وفاق میں مسلم لیگ (ن) کی اہم اتحادی جماعت ہے۔
پیپلز پارٹی نہ صرف سندھ کی تقسیم کی مخالفت کر رہی ہے بلکہ سندھ اسمبلی بھی اس کے مؤقف کی حمایت میں قرارداد منظور کر چکی ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نےجیو نیوز سے گفتگو میں واضح طور پر 12 صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ملک میں 12 صوبے بنانے کی تجویز ہے تو بنا دیے جائیں، لیکن ان کی بنیاد لسانی، نسلی یا سیاسی مفادات کے بجائے انتظامی ضروریات ہونی چاہیے۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر چھوٹے انتظامی یونٹس ضروری ہیں تاکہ اختیارات اور وسائل صوبائی دارالحکومتوں تک محدود رہنے کے بجائے عوام تک پہنچ سکیں۔ ان کے مطابق لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں اختیارات کا ارتکاز مقامی سطح پر بہتر حکمرانی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
کیا مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں اختلافات بڑھیں گے؟
خواجہ آصف کا بیان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان پہلے سے موجود اختلافات کو مزید نمایاں کر سکتا ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 27 اکتوبر کو کراچی میں واضح کر چکے ہیں کہ نئے صوبوں کے معاملے پر اب بحث ختم ہونی چاہیے، کیونکہ سندھ کے عوام اور ان کے منتخب نمائندے اپنا فیصلہ دے چکے ہیں۔
اس سے قبل 3 ستمبر کو سندھ اسمبلی نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں سندھ کی تقسیم، صوبے کی حدود تبدیل کرنے یا اس کے کسی حصے کو الگ صوبائی یا وفاقی انتظامی یونٹ بنانے کی کسی بھی تجویز کو مسترد کیا گیا تھا۔
پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ سندھ کی جغرافیائی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور صوبے کے مستقبل کا فیصلہ صرف وہاں کے عوام اور ان کے منتخب نمائندے کر سکتے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نیر بخاری اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی خاموشی پر بھی سوال اٹھا چکے ہیں اور مطالبہ کر چکے ہیں کہ وزیراعظم نئے صوبوں کے معاملے پر اپنی حکومت کا واضح مؤقف سامنے لائیں۔
یہاں اہم سوال یہ ہے کہ اگر مسلم لیگ (ن) کے وزرا نئے صوبوں کے قیام کی حمایت جاری رکھتے ہیں اور بالخصوص سندھ کی تقسیم کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے تحفظات دور نہیں ہوتے تو کیا دونوں اتحادی جماعتوں کے درمیان سیاسی فاصلے مزید بڑھ سکتے ہیں؟
قومی اسمبلی میں حکومت کی کتنی نشستیں ہیں؟
اس تنازعے کا ایک اہم پہلو وفاقی حکومت کی پارلیمانی اکثریت ہے۔ اگر پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) کی حمایت واپس لے لیتی ہے تو وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کو قومی اسمبلی میں اپنی اکثریت برقرار رکھنے کے لیے دوسری جماعتوں یا آزاد ارکان کی حمایت حاصل کرنا پڑ سکتی ہے۔
قومی اسمبلی میں حکومتی اتحاد میں اس وقت نو جماعتیں اور گروپ شامل ہیں۔ دستیاب پارٹی پوزیشن کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے 131، پیپلز پارٹی کے 74، ایم کیو ایم پاکستان کے 22، آزاد ارکان کے 4، مسلم لیگ (ق) کے 5، استحکام پاکستان پارٹی کے 4، مسلم لیگ (ضیا) کا ایک، بلوچستان عوامی پارٹی کا ایک اور نیشنل پارٹی بلوچستان کا ایک رکن حکومتی اتحاد کا حصہ ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن میں تحریک انصاف کے 75، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 10، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا ایک اور مجلس وحدت المسلمین کا ایک رکن شامل ہے۔
اگر پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کی حمایت واپس لے لیتی ہے تو مسلم لیگ (ن) کے پاس باقی اتحادی جماعتوں کے ساتھ تقریباً 169 ارکان کی حمایت رہ جائے گی۔ قومی اسمبلی کی 336 نشستوں کے ایوان میں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے پہلی رائے شماری میں 169 ارکان کی حمایت درکار ہوتی ہے۔ اس طرح حکومت کی اکثریت انتہائی کمزور ہو جائے گی اور کسی ایک اتحادی یا آزاد رکن کی علیحدگی بھی اس کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔
اگر پیپلز پارٹی کے بعد دیگر اتحادی جماعتیں بھی حکومت سے علیحدگی اختیار کرتی ہیں تو وزیراعظم کے لیے قومی اسمبلی میں اپنی اکثریت برقرار رکھنا مزید مشکل ہو سکتا ہے۔ تاہم پیپلز پارٹی کی حمایت واپس لینے سے حکومت خود بخود ختم نہیں ہو گی؛ اس کا فیصلہ قومی اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ اور ممکنہ عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے ہوگا۔
البتہ پیپلز پارٹی کی حمایت کے بغیر مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے لیے کسی آئینی ترمیم کی منظوری حاصل کرنا انتہائی مشکل ہو جائے گا۔ آئین کے آرٹیکل 239 کے تحت آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ، دونوں میں متعلقہ ایوان کی مجموعی رکنیت کے کم از کم دو تہائی ارکان کی حمایت ضروری ہے۔ اگر ترمیم کے ذریعے کسی صوبے کی حدود تبدیل کی جائیں تو متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی منظوری بھی لازمی ہے۔
کیا تحریک انصاف پیپلز پارٹی کی جگہ لے سکتی ہے؟
سیاسی حلقوں میں ایک اور اہم بحث یہ ہے کہ اگر پیپلز پارٹی نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت پر قائم رہتی ہے تو کیا تحریک انصاف اس معاملے میں مسلم لیگ (ن) یا حکومتی حلقوں کی حمایت کر سکتی ہے؟
تحریک انصاف قومی اسمبلی میں ایک بڑی سیاسی قوت ہے جبکہ سینیٹ میں بھی اس کے ارکان موجود ہیں۔
تاہم بعض سیاسی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں بھی گردش کر رہی ہیں کہ اگر تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رہائی اور ان کے خلاف مقدمات کے حوالے سے کوئی سیاسی سمجھوتہ ہوتا ہے تو پارٹی 28ویں آئینی ترمیم اور نئے صوبوں کے معاملے پر تعاون کر سکتی ہے۔ پارٹی کے کچھ رہنماوں نے اس طرف اشارے بھی دئے ہیں تاہم پارٹی کی جانب سے باقاعدہ کوئی حتمی بیان سامنے نہیں ایا ہے۔
2027 میں ملک گیر ریفرنڈم کی تجویز بھی زیر غور؟
روزنامہ دی نیوز میں 8 نومبر کو شائع ہونے والی صحافی انصار عباسی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں 12 صوبوں کے قیام کی تجویز پر کام کرنے والے بعض حلقوں میں یہ امکان بھی زیر غور ہے کہ آئندہ سال 2027 میں ملک گیر ریفرنڈم کرایا جائے۔
رپورٹ کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت پنجاب کو چار، خیبر پختونخوا کو تین، بلوچستان کو تین اور سندھ کو دو صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، جس سے ملک میں صوبوں کی مجموعی تعداد 12 ہو جائے گی۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ممکنہ 28ویں آئینی ترمیم 2027 کے پہلے نصف میں پارلیمنٹ میں لائی جا سکتی ہے، جبکہ اس سے پہلے ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی رائے معلوم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
تاہم ابھی تک وفاقی حکومت کی جانب سے اس منصوبے، ریفرنڈم یا آئینی ترمیم کے حوالے سے کسی حتمی سرکاری فیصلے کا اعلان نہیں کیا گیا۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ریفرنڈم کے نتائج اپنی جگہ، صوبوں کی حدود تبدیل کرنے کے لیے آئین میں درج دو تہائی اکثریت اور متعلقہ صوبائی اسمبلیوں کی منظوری کے تقاضے برقرار رہیں گے۔
کیا پیپلز پارٹی حکومت سے علیحدگی اختیار کر سکتی ہے؟
اب سب سے اہم سوال یہ ہے کہ اگر پیپلز پارٹی نئے صوبوں کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اختلافات بڑھنے کے بعد وفاقی حکومت کی حمایت واپس لے لیتی ہے تو اس کا اگلا سیاسی قدم کیا ہوگا؟
کیا پیپلز پارٹی صرف سندھ کی تقسیم کی مخالفت تک محدود رہے گی یا وفاق میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت بھی ختم کر دے گی؟
اگر پیپلز پارٹی حکومت سے علیحدگی اختیار کرتی ہے تو اس کے سامنے دو راستے ہوں گے۔ ایک یہ کہ وہ اپنے آئینی اور حکومتی عہدوں کو برقرار رکھتے ہوئے وفاقی حکومت کی پارلیمانی حمایت واپس لے لے، دوسرا یہ کہ وہ حکومت سے مکمل علیحدگی اختیار کرکے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر مشترکہ سیاسی لائحہ عمل بنائے۔
ایسی صورت میں صدر مملکت، چیئرمین سینیٹ اور صوبائی گورنرز سمیت اہم عہدوں پر پیپلز پارٹی کے نمائندوں کی موجودگی بھی سیاسی بحث کا حصہ بن سکتی ہے، اگرچہ حکومت کی حمایت واپس لینے سے یہ عہدے خود بخود ختم نہیں ہوں گے۔
اگر پیپلز پارٹی اپوزیشن کا حصہ بن جاتی ہے تو قومی اسمبلی اور سینیٹ دونوں میں سیاسی صف بندی تبدیل ہو سکتی ہے۔ تاہم اس کا انحصار پیپلز پارٹی کے حتمی فیصلے اور دیگر جماعتوں کی حکمت عملی پر ہوگا۔
ایم کیو ایم نئے صوبوں کی حمایت میں، دیگر جماعتیں محتاط
اس وقت ایم کیو ایم پاکستان نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کر رہی ہے اور کراچی سمیت شہری سندھ کے مسائل کے حل کے لیے اختیارات کی مزید تقسیم کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف، جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام اور دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی اس معاملے پر آئینی طریقہ کار اور سیاسی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔
سندھ کی قوم پرست جماعتیں بھی صوبے کی تقسیم کے معاملے پر تحفظات رکھتی ہیں، تاہم تمام جماعتوں کا مؤقف اور سیاسی حکمت عملی ایک جیسی نہیں ہے۔
اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی جماعتوں کے درمیان ایک نیا امتحان
سیاسی مبصرین کے مطابق اس وقت ملک میں پہلے ہی تحریک انصاف اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان کشیدگی جاری ہے، جبکہ مولانا فضل الرحمٰن بھی اپنی حالیہ تقاریر میں طاقتور حلقوں پر سخت تنقید کر رہے ہیں۔
ایسے حالات میں نئے صوبوں کا معاملہ ایک اور بڑے سیاسی تنازع کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ اگر حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کی حمایت یافتہ سمجھی جانے والی اس تجویز کو سیاسی اتفاق رائے کے بغیر آگے بڑھانے کی کوشش کی گئی تو پیپلز پارٹی، سندھ کی قوم پرست جماعتوں اور دیگر سیاسی قوتوں کی جانب سے مزاحمت سامنے آ سکتی ہے۔
دوسری جانب نئے صوبوں کے حامی حلقوں کا مؤقف ہے کہ آبادی میں اضافے، انتظامی مسائل اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے چھوٹے صوبوں کا قیام ضروری ہے۔
تاہم پاکستان کی تاریخ میں ریفرنڈم کے انعقاد اور نتائج کی شفافیت پر بھی سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ اس لیے اگر 2027 میں ریفرنڈم کی تجویز عملی شکل اختیار کرتی ہے تو اس کے آزادانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد پر سیاسی اتفاق رائے ایک اہم مسئلہ ہوگا۔
