حکومت نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے مشترکہ کمیٹی قائم کردی

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات کے لیے حکومت اور پیپلز پارٹی پر مشتمل مشترکہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ شریک ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر سلیم مانڈوی والا، شرجیل انعام میمن اور ناصر حسین شاہ بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے قائم مشترکہ کمیٹی میں محسن نقوی، رانا ثناء اللہ، امیر مقام، شیری رحمان، نوید قمر اور اعجاز جکھرانی شامل ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد کل پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا اور موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کرے گا۔

ایوان صدر کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کے ساتھ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق صدر مملکت اور وزیراعظم نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے امن و استحکام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

Related posts

پشاور: لاہوری گیٹ میں پٹرول پمپ کی دکان میں خطرناک آگ بھڑک اٹھی

سہیل آفریدی کی 4 اکتوبر کے لانگ مارچ کے لیے مالی تعاون کی اپیل

حکومت اور پی ٹی آئی میں بیک ڈور رابطے جاری، رانا ثناء اللہ کی عامر ڈوگر سے ٹیلی فون گفتگو