حالیہ جنگ میں ایک ہزار اسرائیلی اور سینکڑوں امریکی فوجی ہلاک

تہران (پاک ٹو ڈے): ایرانی مسلح افواج نے حالیہ معرکے کے دوران امریکہ اور اسرائیل کو شدید جانی اور مالی نقصان پہنچانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک اپنے اہلکاروں کی ہلاکتوں کے اصل اعداد و شمار عالمی برادری سے چھپا رہے ہیں۔

​ایرانی مسلح افواج کے سینئر ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے اپنے ایک اہم بیان میں دعویٰ کیا کہ جاری تصادم میں اب تک ایک ہزار سے زائد اسرائیلی اہلکار ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد بھی سینکڑوں میں ہے۔

​جرنیل شکارچی کا کہنا تھا کہ واشنگٹن اور تل ابیب ماضی کی طرح اس بار بھی اپنی ناکامیوں اور نقصانات پر پردہ ڈالنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ انہوں نے افغانستان اور عراق جنگوں کی مثال دیتے ہوئے یاد دہانی کرائی کہ امریکہ نے اس وقت بھی اپنی فوج کے اصل جانی نقصانات کو برسوں بعد تسلیم کیا تھا اور ہلاک شدگان کی باقیات بھی طویل عرصے بعد لواحقین کے حوالے کی تھیں۔

​ایرانی ترجمان نے امریکی عسکری طاقت کو "پروپیگنڈا پر مبنی ہالی ووڈ ڈرامہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معرکے نے ثابت کر دیا ہے کہ امریکہ اپنے اتحادیوں کا تحفظ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خطے کے جن ممالک نے امریکی فوجی اڈوں کی میزبانی کی، اب انہیں بھی اندازہ ہو چکا ہے کہ جو طاقت اپنا دفاع نہیں کر سکتی، وہ دوسروں کی ضامن کیسے بن سکتی ہے۔

​بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایرانی قیادت اور میناب اسکول کے طلبہ کی شہادت کا مکمل اور حتمی بدلہ ہر صورت لیا جائے گا۔

Related posts

عالمی برادری افغانستان کو فراموش نہ کرے، انسانی بحران سنگین ہو چکا: انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس

زیارت کراس: پولیس اسٹیشن اور کسٹمز کی عمارت پر عسکریت پسندوں کا بڑا حملہ، بارودی مواد سے عمارت تباہ

راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارشیں، نالہ لئی میں طغیانی، تعلیمی ادارے بند اور انخلاء کی ہدایات جاری