گوالیار (پاک ٹوڈے): بھارت کی وسطی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار میں اتوار کی علی الصلیٰ علی الصبح ہندو تہوار کے موقع پر جمع ہونے والے عقیدت مندوں پر تیز رفتار ٹرک چڑھ گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔
حکام کے مطابق بھاری سامان سے لدا ٹرک مبینہ طور پر بے قابو ہوکر مندر میں موجود عقیدت مندوں کو روندتا ہوا گزر گیا۔ بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) نے ہسپتال حکام کے حوالے سے حادثے میں 13 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
حادثے پر بھارت کی صدر دروپدی مرمو نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے دل دہلا دینے والا واقعہ قرار دیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بھارتی نائب صدر سی پی رادھاکرشنن نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں حادثے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔