کولمبو(پاک ٹو ڈے): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر بھارتی اوپنر یشسوی جیسوال اور سری لنکن فاسٹ بولر اسیتھا فرنینڈو کے خلاف ڈسپلنری کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول 1 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا، جس پر ان کی میچ فیس کا 25، 25 فیصد حصہ بطور جرمانہ وضع کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دونوں کھلاڑیوں کے کھاتے میں ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا ہے۔
میچ کے دوران اس وقت تناؤ پیدا ہوا جب بھارتی اننگز کے دوران بولر اسیتھا فرنینڈو اور بیٹر یشسوی جیسوال کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔
معاملے کی شدت اس وقت بڑھی جب جیسوال نے مخالف بولر کے ساتھ فزیکل ہونے کی کوشش کی۔ آن فیلڈ امپائرز نے فوری مداخلت کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پایا اور واقعے کی رپورٹ میچ ریفری کو ارسال کی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے آئی سی سی نے باضابطہ سزا کا اعلان کیا۔
