بلوچستان کے علاقے گلستان سے پنجاب کے 5 مبینہ تاجروں کو اغواء کر لیا گیا۔

کوئٹہ (پاک ٹوڈے) بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کے علاقے گردی پنکئی میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 5 مبینہ تاجروں کو مسلح افراد نے اغوا کر لیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ پیر کی شب پیش آیا، جب پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے 5 تاجر ایک مقامی کھیت میں خربوزے لوڈ کرنے کے لیے پہنچے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق اسی دوران موٹر سائیکلوں پر سوار 5 مسلح افراد وہاں پہنچے اور تاجروں کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔

اغوا ہونے والے افراد کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے بتایا جا رہا ہے، جبکہ ان کا تعلق گوپانگ بلوچ قبیلے سے ہونے کی اطلاعات ہیں۔

پولیس اور متعلقہ حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم تاحال مغوی تاجروں کے بارے میں مزید تفصیلات یا ان کے اغوا کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔

بلوچستان میں ماضی میں بھی پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کو نشانہ بنانے کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں، جن میں بعض افراد کو قتل بھی کیا گیا۔ بعض واقعات میں شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

Related posts

کراچی: کلفٹن ٹائل شوروم میں 40 لاکھ ڈکیتی کا ڈراپ سین، ‘لیڈی گینگ’ سرغنہ سمیت 4 ملزمان گرفتار

شمالی وزیرستان: میر علی کے علاقے زرکی میں سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں میں شدید جھڑپیں

مردان میں پولیس چوکی پر دستی بم حملہ ناکام بنانےکادعوٰی، حملہ آور مارا گیا، 3 اہلکار زخمی