اسلام آباد (پاک ٹوڈے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے پولیس محاصرے پر اظہار یکجہتی کیا ہے۔
گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو زرداری کو اپنی رہائش گاہ کے اطراف پولیس کی بھاری نفری کی تعیناتی اور محاصرے سے متعلق آگاہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس صورتحال پر اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومتی اقدام پر تشویش کا اظہار کیا۔ اس سے قبل بھی وہ جمعیت علمائے اسلام کے خلاف حکومتی اقدامات اور سیاسی انتقام کی مذمت کرچکے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپوزیشن کی تنقید برداشت کرنی چاہیے، جمہوریت اور پارلیمانی نظام میں ذمہ دار اپوزیشن کا کردار نہایت اہم ہے، حکومت کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے جمہوریت اور پارلیمان کمزور ہوں۔
