بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کا رابطہ، نئے صوبوں پر پیپلز پارٹی کا اسٹیبلشمنٹ کو سیاسی پیغام ہے؟

اسلام الدین ساجد

اسلام آباد (پاک ٹوڈے) ۔ پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر جاری سیاسی بحث کے درمیان پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطے نے نئی سیاسی بحث چھیڑ دی ہے۔

سیاسی حلقوں میں اس رابطے کو محض دو سیاسی رہنماؤں کے درمیان معمول کی گفتگو کے بجائے پیپلز پارٹی کی جانب سے حکومت اور مقتدر حلقوں کو ایک اہم سیاسی پیغام دینے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے گفتگو میں جمعیت علمائے اسلام کے خلاف حکومتی اقدامات اور مبینہ سیاسی انتقامی کارروائیوں کی مذمت کی اور کہا کہ حکومت کو اپوزیشن کی تنقید برداشت کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق جمہوریت اور پارلیمانی نظام میں ذمہ دار اپوزیشن کا کردار انتہائی اہم ہے اور حکومت کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے پارلیمنٹ اور جمہوری ادارے کمزور ہوں۔

یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب مولانا فضل الرحمان کے ملک کے طاقتور حلقوں کیساتھ سیاسی کشیدگی جاری ہے اور نئے صوبوں کے قیام سمیت دیگر اہم معاملات پر بھی سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات سامنے آ رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کا اسٹیبلشمنٹ کو سیاسی دباؤ کا پیغام؟

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق بلاول بھٹو کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کی حمایت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پیپلز پارٹی نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر اپنے تحفظات کا اظہار کر رہی ہے اور اس بات پر زور دے رہی ہے کہ کوئی بھی فیصلہ پارلیمنٹ اور آئینی طریقہ کار سے باہر نہیں ہونا چاہیے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ اسے سیاسی طور پر نظرانداز کرنے یا اس کی حمایت کے بغیر بڑے آئینی اور انتظامی فیصلے کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتیجے میں حکومتی اتحاد کی سیاسی صورت حال تبدیل ہوسکتی ہے۔

ان کے مطابق اگر پیپلز پارٹی حکومتی اتحاد سے دور ہوکر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ سیاسی تعاون بڑھاتی ہے تو حکومت کے لیے پارلیمنٹ میں اتفاق رائے پیدا کرنا مزید مشکل ہوسکتا ہے۔

تاہم یہ واضح نہیں کہ بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان رابطے میں نئے صوبوں کے معاملے پر کوئی براہ راست گفتگو ہوئی یا نہیں۔ پیپلز پارٹی کے سرکاری بیان میں رابطے کا موضوع مجموعی سیاسی صورت حال، جمہوریت اور اپوزیشن کے کردار کو قرار دیا گیا ہے۔

شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان نئے صوبوں پر اختلافات؟

نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کے اندر بھی سیاسی مشاورت اور قیادت کے تحفظات کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

سینئر صحافی حامد میر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نئے صوبوں کے قیام کے حامی ہیں، تاہم نواز شریف اور مریم نواز کے تحفظات موجود ہیں۔ ان کے مطابق شہباز شریف اس معاملے پر کھل کر بات کرنے کے بجائے اپنی کابینہ کے بعض ارکان کے ذریعے مؤقف سامنے لا رہے ہیں۔

حامد میر کے تجزیے کے مطابق نئے صوبوں کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت، خصوصاً شہباز شریف، نواز شریف اور مریم نواز کے درمیان اتفاق رائے موجود نہیں ہے ۔

بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ شہباز شریف کے لیے بھی یہ ایک مشکل سیاسی امتحان ہے کہ وہ ایک طرف نواز شریف اور مریم نواز کے تحفظات کو کیسے دور کرتے ہیں اور دوسری طرف صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے ساتھ حکومتی اتحاد برقرار رکھنے کے لیے کیا حکمت عملی اختیار کرتے ہیں۔

آصف زرداری کی حکمت عملی اور پیپلز پارٹی کے تحفظات

نئے صوبوں کے معاملے پر صدر آصف علی زرداری کا کردار انتہائی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ پیپلز پارٹی ایک طرف وفاقی حکومت کی اتحادی ہے تو دوسری طرف سندھ کی تقسیم کے معاملے پر اس کا مؤقف واضح اور سخت رہا ہے۔

پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی کی اس قرارداد کا حوالہ دیتی ہے جس میں صوبے کی تقسیم کی مخالفت کی گئی ہے۔ پارٹی کا مؤقف ہے کہ اگر پنجاب اور خیبر پختونخوا میں نئے صوبوں کے قیام کی بات کی جا رہی ہے تو اس کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلیوں کی قراردادیں پہلے سے موجود ہیں لیکن سندھ کی تقسیم قابل قبول نہیں۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان 14 نومبر کو لاہور میں ہونے والی ملاقات میں بھی نئے صوبوں کے معاملے پر گفتگو ہوئی۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے آئینی طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا۔

روزنامہ ڈان کی رپورٹ کے مطابق زرداری نے اس ملاقات میں سندھ اسمبلی کی قرارداد کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا مؤقف دہرایا۔ سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ آصف زرداری اس معاملے پر براہ راست تصادم کے بجائے سیاسی مفاہمت اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں۔ تاہم وہ پیپلز پارٹی کے صوبائی اور سیاسی مفادات کو نظرانداز کرنے کے لیے بھی تیار نہیں ہوں گے۔

مولانا فضل الرحمان اور عمران خان کا ممکنہ کردار

دوسری جانب سینئر صحافی حامد میر کے مطابق عمران خان مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کرچکے ہیں، تاہم وہ کسی ویں ائینی ترمیم کے معاملے پر فی الحال کسی سیاسی سمجھوتے کے لئے تیار نہیں ہے۔

ان کے مطابق عمران خان چاہتے ہیں کہ حکومت پہلے اعتماد سازی کے اقدامات کرے، جن میں ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کو ریلیف دینا بھی شامل ہوسکتا ہے۔

حامد میر کا کہنا ہے کہ اگر محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے تو وہ سیاسی تعطل ختم کرنے کے لیے کوئی راستہ نکال سکتے ہیں۔ ان کے مطابق عمران خان نے نئے صوبوں کے معاملے پر اختیار محمود خان اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کو دی ہے ۔

ایسی صورتحال میں مولانا فضل الرحمان کا کردار بھی اہم ہوسکتا ہے، اگر حکومت مولانا کیساتھ معاملات حل کرنے کی کوشش کرتی ہے تو وہ بھی اپوزیشن جماعتوں اور حکومت کے درمیان وسیع تر سیاسی مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں مدد کرسکتا ہے ۔

نئے صوبوں کا معاملہ، اصل سیاسی امتحان

نئے صوبوں کے قیام کی بحث کا آغاز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیانات سے ہوا جنہوں نے ملک میں نئے انتظامی یونٹس بنانے اور اس معاملے پر عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم کی تجویز پیش کی تھی۔

بعد ازاں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی کہا کہ نئے صوبوں پر سیاسی اتفاق رائے پیدا کیا جا رہا ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں اس معاملے پر پیش رفت ہوسکتی ہے۔
تاہم پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس معاملے کو پارلیمنٹ میں زیر بحث لانے پر زور دیتے رہے ہیں۔ انہوں نے نئے صوبوں کے بجائے پہلے ملک میں سیاسی مفاہمت اور سیاسی نظام کی بہتری پر توجہ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔

قانونی اور آئینی طور پر کسی صوبے کی حدود تبدیل کرنے یا نیا صوبہ قائم کرنے کے لیے آئین کے آرٹیکل 239 کے تحت آئینی ترمیم درکار ہے، جس کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت ضروری ہے۔ متعلقہ صوبائی اسمبلی کی منظوری بھی آئینی تقاضوں کا حصہ ہے۔

اس لیے پیپلز پارٹی کی حمایت کے بغیر نئے صوبوں کے قیام پر اتفاق رائے پیدا کرنا حکمران اتحاد کے لیے ایک بڑا سیاسی چیلنج ہوگا۔

کیا پاکستان نئی سیاسی صف بندی کی طرف بڑھ رہا ہے؟

پاکستان میں اس وقت تین اہم سیاسی معاملات ایک دوسرے سے جڑتے دکھائی دے رہے ہیں: نئے صوبوں کا قیام، عمران خان کے ساتھ ممکنہ مذاکرات اور پیپلز پارٹی و اپوزیشن جماعتوں کے درمیان سیاسی رابطے۔

بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کا حالیہ رابطہ،

زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے اندر نئے صوبوں کے معاملے پر مبینہ تحفظات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ سیاسی جماعتیں اپنے آئندہ سیاسی راستوں پر غور کر رہی ہیں۔
اصل سوال یہ ہے کہ کیا پیپلز پارٹی نئے صوبوں کے معاملے پر اپنے تحفظات دور کروا کر حکومتی اتحاد میں اپنا کردار برقرار رکھے گی یا سیاسی طور پر اپوزیشن کے قریب جانے کا راستہ اختیار کرے گی؟

اسی طرح یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ وزیراعظم شہباز شریف نواز شریف اور مریم نواز کے تحفظات کے باوجود نئے صوبوں کے معاملے پر اپنا مؤقف کس طرح آگے بڑھاتے ہیں۔

اگر سیاسی جماعتیں کسی مشترکہ فارمولے پر متفق نہ ہوسکیں تو نئے صوبوں کا معاملہ محض انتظامی اصلاحات کی بحث کے بجائے پاکستان میں نئی سیاسی صف بندی اور حکومتی اتحاد کے مستقبل کا اہم مسئلہ بن سکتا ہے۔

Related posts

18ویں ترمیم نے ملک کو تباہ کردیا، نئے صوبے سیاسی خواہش نہیں بلکہ ضرورت ہیں: مصطفیٰ کمال

ایم پی او کیس: پشاور ہائیکورٹ کو آرٹیکل 199 کے تحت دیگر مقدمات سننے کی اجازت مل گئی

جے شاہ دوسری مدت کے لیے آئی سی سی چیئرمین منتخب