برطانوی شہریت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی اور بھارتی شہری سرفہرست، ایک سال میں 2 لاکھ 65 ہزار افراد شہری بن گئے

لندن (پاک ٹوڈے): برطانوی ہوم آفس کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران برطانوی شہریت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی اور بھارتی شہری سرفہرست رہے، جبکہ اس عرصے میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 65 ہزار افراد کو برطانوی شہریت دی گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق ستمبر 2026 تک ختم ہونے والے 12 ماہ کے دوران برطانوی شہریت کے حصول کے لیے درخواستیں دینے والوں کی تعداد ریکارڈ 3 لاکھ 20 ہزار تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے۔

ہوم آفس کے اعداد و شمار کے مطابق اسی عرصے میں برطانیہ میں پناہ کی درخواستوں میں تقریباً ایک تہائی کمی ریکارڈ کی گئی اور مجموعی طور پر 74 ہزار افراد نے پناہ کی درخواستیں جمع کرائیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 33 فیصد کم ہیں۔ اس کمی کی بنیادی وجہ غیر قانونی راستوں سے برطانیہ آنے والے افراد کی جانب سے پناہ کی درخواستوں میں کمی بتائی گئی ہے۔

برطانوی ہوم سیکرٹری شبانہ محمود نے کہا کہ امیگریشن میں کمی حکومتی اقدامات کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق نیٹ مائیگریشن کو سابقہ حکومت کے دور کی بلند ترین سطح سے 92 فیصد کم کرکے 77 ہزار تک لایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اصلاحات کے ذریعے ایک منصفانہ امیگریشن نظام قائم کرنا چاہتی ہے، جس میں ملک کی معیشت اور معاشرے میں حصہ ڈالنے والوں کو اس کا صلہ ملے۔

ہوم آفس کے مطابق اس وقت 93 ہزار پناہ کے درخواست گزاروں کو سرکاری معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 16 فیصد کم ہے۔ رہائش کی سہولت حاصل کرنے والے 1,195 افراد کو سابق فوجی اڈوں میں رکھا گیا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں سال مجموعی طور پر 52 اسائلم ہوٹل بند کیے گئے ہیں، جبکہ اس وقت 140 ہوٹل زیر استعمال ہیں۔ لیبر حکومت نے موجودہ پارلیمانی مدت کے اختتام تک تمام اسائلم ہوٹل بند کرنے کا وعدہ بھی کر رکھا ہے۔

Related posts

آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیم پہلی بار پاکستان کا دورہ کرے گی، لاہور میں چھ ایک روزہ میچز شیڈول

عالمی اور پاکستانی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، امریکی شرح سود میں اضافے کے خدشات

مولانا فضل الرحمان کا ملک گیر احتجاج کا اعلان، عوام سے سڑکیں بلاک کرنے کی اپیل