رومانیہ (پاک ٹوڈے): بحیرہ اسود میں رومانیہ کے ساحل کے قریب دو کیمیکل ٹینکرز پر ڈرون حملوں کے بعد سات ملاح لاپتا ہوگئے، جبکہ دونوں جہازوں میں آگ لگنے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
رومانیہ کے صدر نکوسور ڈان نے دونوں جہازوں پر ڈرون حملوں کی تصدیق کی، تاہم ذمہ دار فریق کا نام نہیں لیا۔ دوسری جانب نیٹو کے ایک فوجی ذریعے نے دعویٰ کیا کہ حملوں میں استعمال ہونے والے ڈرون روسی ساخت کے یا روس سے آئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق سان مارینو کے پرچم بردار ٹینکر وائن ٹریڈر پر 12 ملاح سوار تھے۔ حملے کے بعد پانچ افراد کو بچا لیا گیا، جبکہ سات ملاح لاپتا ہیں۔ دوسرا جہاز، کوموروس کے پرچم بردار کیمیکل و آئل ٹینکر یارا جے، رومانیہ کی سمندری حدود میں نشانہ بنا، تاہم اس کا تمام عملہ محفوظ رہا۔
دونوں جہاز سولینا نہر کے قریب لنگر انداز تھے۔ یہ بحری راستہ دریائے ڈینیوب کے ذریعے یوکرین کی برآمدات کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔
رومانیہ کے صدر نے بحیرہ اسود میں تجارتی جہازوں پر حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات سے انسانی جانوں، عالمی تجارت اور اہم بنیادی ڈھانچے کو خطرات لاحق ہیں۔