پشاور (پاک ٹوڈے): اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق 8 مختلف کارروائیوں کے دوران 2 کروڑ 58 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مجموعی طور پر 94.22 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے کوکین بھرے 8 کیپسول برآمد ہوئے، جن میں مجموعی طور پر 160 گرام کوکین موجود تھی۔ کارروائی کے دوران مسافر کو گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری کارروائی میں دبئی جانے والے مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران 2.75 کلوگرام وزنی 4 ہزار 350 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔
فتح جنگ ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 26.4 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اسلام آباد میں نیول اینکریج روڈ بس اسٹاپ کے قریب کارروائی کے دوران ایک مرد اور ایک خاتون کے قبضے سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
ملتان میں ہیڈ محمد والا ٹول پلازہ کے قریب گاڑی کی تلاشی کے دوران 1.2 کلوگرام چرس اور 2 کلوگرام آئس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ راولپنڈی ٹول پلازہ کے قریب کارروائی میں 2 احراموں میں جذب کی گئی 1.81 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جبکہ 2 بوتلوں سے بھی 500 گرام آئس برآمد کی گئی۔
لاہور میں شریف پورہ روڈ کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 2.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ بلوچستان کے ضلع چاغی میں دالبندین کے قریب کارروائی کے دوران 20 کلوگرام چرس اور 30 کلوگرام افیون برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ تمام کارروائیوں سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔