این سی سی آئی اے کو ’پاکستان سائبر پولیس‘ بنانے کی تجویز، نئی بھرتیوں کا منصوبہ

اسلام آباد (پاک ٹوڈے) وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی تنظیم نو کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ادارے کو ’پاکستان سائبر پولیس‘ میں تبدیل کرنے کی تجویز کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت این سی سی آئی اے کی تنظیم نو سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے مزید افرادی قوت بھرتی کرنے کی تجاویز پیش کی گئیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ این سی سی آئی اے کو ’پاکستان سائبر پولیس‘ میں تبدیل کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت میرٹ کی بنیاد پر بہترین اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل افرادی قوت بھرتی کی جائے گی۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ قومی سلامتی کے تناظر میں سائبر کرائم سے متعلق مخصوص نظام فعال ہو چکا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سائبر کرائمز کی روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ادارے کو مؤثر، فعال اور جدید بنانے کے لیے تنظیم نو کا عمل تیز کیا جائے، جبکہ اس عمل میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے سائبر کرائم کے زیر التوا مقدمات کو جلد نمٹانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے تنظیم نو کی سفارشات کا جائزہ لینے کے لیے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق کمیٹی رواں ہفتے کے اختتام تک اپنی حتمی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی، جس کے بعد این سی سی آئی اے کی تنظیم نو اور مجوزہ ’پاکستان سائبر پولیس‘ کے قیام سے متعلق آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

Related posts

گوجرانوالہ: ماں بیٹی کے قتل کا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا

190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی لائیو اسٹریمنگ کی درخواست مسترد

کابل میں سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 6 ڈاکو ہلاک