لاہور (پاک ٹوڈے): نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سائبر فراڈ، ہنی ٹریپ اور بلیک میلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 17 خواتین سمیت مجموعی طور پر 26 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق لاہور میں ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں کو مبینہ طور پر مالی فوائد کے لیے نشانہ بنانے والے کال سینٹر کے خلاف کارروائی کی گئی، جہاں سے 17 خواتین اور دیگر 9 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 35 موبائل فون اور دو لیپ ٹاپ بھی برآمد ہوئے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار خواتین سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن ذرائع کے ذریعے مردوں سے رابطہ کرتیں، انہیں مبینہ طور پر اپنے جال میں پھنساتیں اور پھر ویڈیو کالز کے ذریعے بلیک میل کرکے مالی فوائد حاصل کرتی تھیں۔
این سی سی آئی اے نے لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں بھی ایک اور کارروائی کی، جہاں مبینہ طور پر غیر ملکی شہریوں کو آن لائن فراڈ کا نشانہ بنانے والا کال سینٹر چلایا جا رہا تھا۔
دوسری جانب این سی سی آئی اے راولپنڈی سرکل نے چکری روڈ کی ایک نجی سوسائٹی میں قائم کال سینٹر پر چھاپہ مار کر مبینہ بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورک کو بھی بے نقاب کیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان جعلی ٹیلی گرام پروفائلز کے ذریعے آسٹریلوی شہریوں کو نشانہ بناتے اور انہیں جعلی یوٹیوب ٹاسکس مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ یو ایس ڈی ٹی کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر مبینہ طور پر مالی فراڈ کرتے تھے۔
این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم، بلیک میلنگ، ہنی ٹریپ اور آن لائن فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، تاکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مجرمانہ استعمال کی روک تھام کی جاسکے۔