اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وفاقی آئینی عدالت نے گورنر راج اور مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران اپنے 5 نومبر کے حکمِ امتناع میں ترمیم کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کو آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دیگر مقدمات کی سماعت جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔
چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے مقدمے کی سماعت کی۔ عدالت نے پشاور بار کونسل کو بھی کیس میں فریق بننے کی اجازت دے دی۔
سماعت کے دوران عدالت نے واضح کیا کہ 5 نومبر کا حکمِ امتناع صرف گورنر راج اور ایم پی او سے متعلق معاملات تک محدود تھا، جبکہ پشاور ہائیکورٹ دیگر عمومی مقدمات کی سماعت جاری رکھ سکتی ہے۔
عدالتی ریمارکس میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 245 کی سادہ تشریح کی جائے تو آرٹیکل 199 کے تحت مقدمات نہیں سنے جا سکتے، تاہم اس شق کی بالکل سادہ تشریح سے پورا عدالتی نظام مفلوج ہو کر رہ جائے گا۔
درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ 5 نومبر کے حکم کے باعث پشاور ہائیکورٹ کی معمول کی کارروائی شدید متاثر ہوئی اور وکلا کی پریکٹس بھی رک گئی۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت تھری ایم پی او کے تحت گرفتار افراد کو بھی ریلیف فراہم کرے کیونکہ خیبرپختونخوا میں تاحال ریویو بورڈ تشکیل نہیں دیا جا سکا۔
اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے عدالت کو بتایا کہ صوبے میں ریویو بورڈ تین ماہ بعد تشکیل دیا جائے گا۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے بیرسٹر گوہر سے مکالمے میں کہا کہ انہوں نے اپنی متفرق درخواستیں پشاور رجسٹری میں دائر کی ہیں، جب یہ درخواستیں عدالت کے سامنے آئیں گی تو ان کا جائزہ لیا جائے گا۔
