واشنگٹن (پاک ٹوڈے): مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے ممکنہ حملوں کے خدشات کے پیشِ نظر امریکا نے خطے میں موجود اپنے شہریوں کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اردن، عراق، ایران، یمن، لبنان اور شام سمیت 12 ممالک میں امریکی سفارت خانوں کی جانب سے جاری انتباہ میں کہا گیا ہے کہ ایران اور اس کے حمایت یافتہ گروپ امریکی شہریوں اور امریکی مفادات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
سکیورٹی الرٹ میں امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خطے میں سکیورٹی صورتِ حال پر نظر رکھیں اور پروازوں کی منسوخی یا فضائی حدود کی بندش سے متعلق تازہ معلومات حاصل کرتے رہیں۔
امریکی شہریوں کو مشرقِ وسطیٰ کے کشیدہ علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کرنے اور ممکنہ سکیورٹی خطرات کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
