ناگویا (پاک ٹوڈے): ایشین گیمز 2026 کے ہاکی ایونٹ کے سیمی فائنل میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 4،3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
بھارتی ٹیم نے میچ کے ابتدائی مرحلے میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف 3،0 کی برتری حاصل کرلی، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے تینوں گول اسکور کرکے مقابلہ 3،3 سے برابر کردیا۔
میچ کے اختتامی لمحات میں بھارت کے ابھیشیک نے فیصلہ کن گول اسکور کیا، جس کے بعد بھارت نے 4،3 کی برتری برقرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی۔ فیصلہ کن گول میچ ختم ہونے سے تقریباً 45 سیکنڈ قبل کیا گیا۔
بھارت کی جانب سے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے 2 گول کیے جبکہ سکھ جیت سنگھ اور ابھیشیک نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ پاکستان کی جانب سے ابوبکر محمود، حنان شاہد اور رانا وحید نے ایک، ایک گول کرکے ٹیم کو مقابلے میں واپس لایا۔
ایشین گیمز ہاکی کا دوسرا سیمی فائنل ملائیشیا اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کی فاتح ٹیم فائنل میں بھارت کا سامنا کرے گی۔