ابوظہبی (پاک ٹوڈے): قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ نے خلیجی ریاستوں کو یہ احساس دلایا ہے کہ اپنی سلامتی کے لیے صرف امریکا کے ساتھ تزویراتی تعلقات پر انحصار نہیں کیا جاسکتا۔
ابوظہبی میں ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے ماجد الانصاری نے کہا کہ خلیجی خطے میں بین الاقوامی افواج کی موجودگی اور امریکا کے ساتھ دفاعی و تزویراتی تعاون اپنی جگہ اہم ہے، تاہم موجودہ حالات میں انہیں خطے کی مکمل سلامتی کی ضمانت نہیں سمجھا جاسکتا۔
قطری ترجمان کے مطابق خلیجی ممالک کو اپنی سلامتی کے حوالے سے مزید خود انحصاری کی طرف بڑھنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کے مستقبل کے لیے ضروری ہے کہ خلیجی ریاستیں اپنے دفاع اور سلامتی کے معاملات میں اپنی صلاحیتوں کو مضبوط بنائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کے ساتھ شراکت داری اور بین الاقوامی افواج کی موجودگی خلیجی سلامتی کے لیے بدستور اہم عناصر ہیں، تاہم خطے کو اپنے تحفظ کے لیے اضافی اور مؤثر راستے بھی تلاش کرنا ہوں گے۔